آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں
شیئر کریں
مفتی غلام مصطفی رفیق
قبروں کے کتبے پڑھنے سے نسیان کالاحق ہونا
سوال:ایک میت کے ساتھ مجھے قبرستان جاناہوا،وہاں چونکہ بہت ساری قبروں پرکتبے لگے ہوتے ہیں اور ان پرکچھ نہ کچھ لکھاہوتاہے ،میں قبروں پرلگے ہوئے کتبے پڑھ رہاتھا،ہمارے ساتھ جانے والوں میں سے ایک صاحب نے مجھے قبروں پرلگے ہوئے کتبے پڑھنے سے منع کیااورکہاکہ اس سے ذہن کمزورہوتاہے ، کیایہ بات درست ہے ؟
جواب:جی ہاں! قبروں کے کتبے پڑھنے سے اجتناب کرناچاہیے،اس سے نسیان یعنی حافظہ کی کمزوری لاحق ہوتی ہے۔(زادالمعاد فی ھدی خیرالعباد، 4/387،ط:مو¿سسة الرسالة بیروت-شرح سنن ابی داو¿دللعینیؒ، 6/157، ط:مکتبة الرشد،ریاض)
امام کے ساتھ رکوع میں شامل ہونا
سوال:بسااوقات ہم جماعت شروع ہونے کے بعد جب نمازمیں شامل ہوتے ہیں اورامام صاحب رکوع میں ہوتے ہیں ،ہم رکوع میں جاتے ہیں توکبھی تو’’سبحان ربی العظیم‘‘ پڑھ لیتے ہیں اورکبھی ایساہوتاہے کہ ہمارے جاتے ہی امام صاحب رکوع سے کھڑے ہوجاتے ہیں ،اب ہماری یہ رکعت شمار ہوگی یانہیں؟
جواب:اگرکوئی شخص جماعت کی نماز میں اس وقت شامل ہوتاہے جب امام رکوع میں جاچکاہوتواس صورت میں اگریہ شخص رکوع میں شامل ہوگیا اور اس نے امام کوعین رکوع کی حالت میں پالیاتویہ رکعت مل گئی،خواہ اس کے رکوع میں جانے کے بعد امام فوراً ہی رکو ع سے اٹھ جائے اوراس کورکوع کی تسبیح بھی پڑھنے کاموقع نہ ملے،جب بھی یہ رکعت شمار کی جائے گی۔اوراگربعد میں آنے والے شخص کے رکوع میں پہنچنے سے پہلے ہی امام رکوع سے اٹھ گیاتواس صورت میں یہ رکعت نہیں ملی،امام کے سلام پھیرنے کے بعد اس رکعت کولوٹاناہوگا۔(حلبی کبیر،صفة الصلوة، ص: ۵۰۳،ط:سہیل اکیڈمی-مجمع الا¿نھرشرح ملتقی الا¿بحر،فصل صفة الشروع فی الصلوة، 1/14، ط:دارالکتب العلمیة بیروت)
رقم پڑی ہوئی ملی توکیاکرے؟
سوال:میری اہلیہ بازارمیں خریداری کے لئے گئیں،اوردکان سے سامان خریدنے کے بعد انہوں نے سترروپے واپس لئے ،وہیں دکان کے باہرپچاس روپے پڑے ہوئے تھے ،میری اہلیہ نے اس نیت سے کہ شایدیہ مجھ سے گرے ہوں گے اٹھالئے ،گھرآکرپتہ چلاکہ ان کے پیسے تومکمل تھے یہ تو گرے ہوئے پچاس روپے اٹھالئے ہیں،اب کیاکریں؟پچاس روپے وہیں لے جاکرچھوڑدیں؟کیونکہ اب اس رقم کے مالک کے ملنے کاکوئی امکان نہیں ہے،بازاروں میں توروزہزاروں افرادآتے جاتے ہیں۔
جواب:اس رقم کاحکم لقطہ(یعنی گری پڑی ہوئی کسی چیز کے ملنے) کاہے،اورلقطہ کاحکم یہ ہے کہ اولاً اس کے مالک کوتلاش کیاجائے، اگر اس چیزکامالک یامالک کے ورثہ نہ ملیں تواسے مالک کی طرف سے فقراءپرصدقہ کردیاجائے،البتہ جس شخص کووہ چیزملی ہے اگروہ خود محتاج ہوتواپنے استعمال میں بھی لاسکتاہے۔لہذا اگرمذکورہ رقم کے مالک کے ملنے کی امیدنہیں تواسے مالک کی طرف سے صدقہ کردیں،اس طرح کرنے سے بری ہوجائیں گے۔ (ردالمحتار،کتاب اللقطة، 4/279، ط:سعید-الفتاویٰ الھندیة، کتاب اللقطة، 2/289،ط:رشیدیہ)
قعدہ¿ اخیرہ میں دعائے ماثورہ رہ گئی
سوال:میں سنتیں اداکررہاتھاکہ جماعت کی نماز شروع ہوگئی،میں آخری قعدہ میں بیٹھا ہوا تھا، درود شریف پڑھ چکاتھا،میں نے درود کے بعددعاپڑھے بغیرہی سلام پھیردیااورنمازمیں شامل ہوگیا،آیااس صورت میں میری نمازہوگئی؟
جواب:درود شریف کے بعد دعائے ماثورہ کاپڑھناسنت ہے،جماعت میں شامل ہونے کے لئے اگرکسی نے درود شریف پڑھ کردعاءپڑھنے سے پہلے ہی سلام پھیردیاتب بھی نماز مکمل ہوجائے گی،لوٹانے کی ضرورت نہیں۔(فتاویٰ شامی،باب صفة الصلوة، 1/473، ط:سعید)
میت کے ساتھ قبرمیں عہدنامہ رکھنا
سوال:ایک عزیزکاانتقال ہواان کے جنازہ کے ساتھ قبرستان جاناہوا،تدفین کے وقت میں نے دیکھاکہ عہدنامہ میت کے ساتھ رکھ رہے ہیں،میں نے اس سے پہلے یہ چیزنہیں دیکھی تھی،میں نے منع کرنے کی کوشش کی مگرناکام رہا، کیاعہدنامہ رکھناچاہیے میت کے ساتھ؟یہ کیاچیزہے ؟
جواب:میت کے ساتھ قبرمیں کسی قسم کے عہدنامہ رکھنے یاکفن پرلکھنے کاشریعت میں کوئی ثبوت نہیں،لہذا میت کے ساتھ عہدنامہ رکھنادرست نہیں۔حکیم الامت مولانا محمداشرف علی تھانویؒ لکھتے ہیں:ایک کوتاہی یہ ہے کہ قبرمیں عہدنامہ یاشجرہ وغیرہ رکھتے ہیں،اورمیت کے گلنے سڑنے سے اس کی بے ادبی ہوتی ہے،سواس کوبھی ترک کرنا چاہیے،البتہ جس چیزکاادب شریعت میں اس درجہ کانہیں،اس کاقبرمیں رکھ دینادرست ہے،جیسے کسی بزرگ کا کپڑا وغیرہ“۔ (ردالمحتارعلی الدرالمختار، 2/246 ط:سعید-اصلاح انقلاب امت، ص؛241، ط:ادارة المعارف کراچی)
٭٭٭