میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد دی کراؤن کی تاخیر کا امکان

ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد دی کراؤن کی تاخیر کا امکان

جرات ڈیسک
هفته, ۱۰ ستمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

ملکہ برطانیہ الزبتھ  دوم کے انتقال کے بعد ان کی زندگی پر بنائی جانے والی نیٹ فلیکس کی معروف سیریز دی کراؤن کے پانچویں سیزن میں تاخیر ہونے کا امکان ہے جب کہ ٹیم نے بھی اس کی شوٹنگ منسوخ کرنے کا اشارہ دے دیا۔ شوبز ویب سائٹ ڈیڈلائن کے مطابق دی کراون کے پانچویں سیزن کی تکمیل پر کام جاری تھا مگر اب ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد اس پر کچھ عرصے کے لیے کام کو روک دیا گیا۔ رپورٹ میں سیریز کے لکھاری کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملکہ الزبتھ کے انتقال کے احترام میں دی کراون کی شوٹنگ کچھ عرصے کے لیے روک دی جائے گی، کیوں کہ ملکہ عالمی سطح کی پراثر شخصیت اور باوقار خاتون تھیں۔ دی کراون نامی ویب سیریز برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی سیریز ہے، جس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں اور اس کے پانچویں سیزن کو رواں برس کے اختتام یا آئندہ سال کے آغاز تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا، تاہم اب ممکنہ طور پر اس میں کچھ تاخیر ہوسکتی ہے۔ ویب سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020میں ریلیز کیا گیا تھا، مذکورہ سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا، پہلے سیزن میں 1947سے 1955کے شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔ دی کراؤن سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔دی کراؤن کا دوسرا سیزن 2017میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956سے 1964کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔ سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔ دی کراؤن سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019میں ریلیز ہوا اور اس میں 1964سے 1977کا دور دکھایا گیا تھا۔ سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020میں ریلیز ہوا، جس میں 1977سے لیکر 1986یا 1988تک کا دور دکھایا گیا۔ چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا گیا، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے گئے۔ اب پانچویں سیزن میں 1988سے لے کر 1999تک کا دور دکھائے جانے کا امکان ہے۔ سیریز میں اب تک ملکہ برطانیہ کے کرداروں کو تین مختلف اداکارائیں ادا کر چکی ہیں اور اس کے نئے سیزن میں بھی ان کا کردار ممکنہ طور پر نئی اداکارائیں ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

 


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں