کراچی میں دہشت گردی کا خطرہ،8 حساس مقامات پر ایس ایس یو کمانڈوز تعینات
شیئر کریں
کراچی میں دہشت گردی کے خدشات کے بعد شہر بھر میں ایس ایس یو کمانڈوز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے سربراہ ڈی آئی جی مقصود میمن کا کہنا تھا کہ کمانڈوز شہر میں کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہتے تھے، شہر کے 8 حساس مقامات پر نفری تعینات کر دی گئی ہے۔بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشتگردی کی حالیہ ناکام کارروائی کے بعد شہر میں حفاظتی انتظامات کو فول پروف بنانے کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے خصوصی ہتھیاروں اور حکمت عملی کی ٹیموں یعنی ایس ڈبلیو اے ٹی کمانڈوز کی تعیناتی کے پوائنٹ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے جس کے بعد نفری کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔بات کرتے ہوئے مقصور میمن کا کہنا تھا کہ شہر کے 8 حساس مقامات پر نفری تعینات کر کے ان کا رابطہ کنٹرول روم سے کروا دیا گیا ہے تا کہ کسی بھی قسم کی مشکل میں فوری تمام متعلقہ افراد کو آگاہ کر دیا جائے۔ مقصود میمن نے بتایا ہے کہ ایس ایس یو کمانڈوز بین الاقوامی طرز کی خصوصی تربیت کے بعد جدید طریقے ہتھیاروں سے لیس ہیں، ایس ایس یو ملک میں پولیس کا پہلا آئی ایس او سرٹیفائیڈ ادارہ ہے جو عالمی تقاضوں پر استوار کیا گیا اور جدید اسلحہ سے لیس ایس ایس یو کمانڈوز کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔