عمران خان اگرمگرچھوڑیں ،اسمبلیاں توڑیں،ضمنی الیکشن کرادیں گے ، وزیرداخلہ
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اگر مگر چھوڑیں اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں ہم انتخاب میں ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے ، امیدواروں کے چنائو کے لئے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں جو ہر حلقے سے دو ، دو امیدوار نامزد کر کے سفارشات بھجوائیں گی ، نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر بھرپور استقبال کے لئے بھی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ،ڈیلی میل کی معذرت کے بعد عمران خان اور ان کے چیلے پوری قوم سے معافی مانگیں ، عمران خان کے خلاف جو ثبوت سامنے آ چکے ہیں اب مزید کوئی چیز باقی نہیں رہ گئی اس لئے چیئرمین نیب کو آئین و قانو ن کے مطابق تحرک کرنا چاہیے ، صدر عارف علوی مسکین آدمی ہیں میرا خیال ہے دوسری جانب ان کی بات سنی نہیں جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد عظمیٰ بخاری ا ور رانا ارشد کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ایک جھوٹے کیس میں شریف فیملی کے تمام اراکین ، ان کی خواتین کو بے گناہ عدالتوں میں گھسیٹا گیا لیکن ڈیلی میل کی معذرت کے بعد میں شریف فیملی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، اللہ تعالیٰ نے نے شریف فیملی پر خاص کرم کیا ہے کہ ان کی بے گناہی کے ثبوت دنیا سے میسر آرہے ہیں اورایسی جگہوں سے میسر آرہے ہیں جن کی شہادت کو نہ صرف دنیا تسلیم کرتی ہے بلکہ ہمارے مخالفین خصوصاً عمران خان نیازی وہ خود بار بار اس بات کودہراتا ہے کہ یورپ کے اداروں کے سامنے کوئی چھوٹا یا بڑا نہیں ہے ،وہاں پر میرٹ ہے، اس میرٹ نے شریف فیملی پر الزامات جو انتہائی گھنائونے تھے جو فیملی کے لئے تباہ کن ہے ہی تھے ملک و قوم کے لئے بھی انتہاء شرمندگی کا باعث تھے، یہ کہ کسی ملک کی امداد سے متعلق یہ کہنا کہ ایسے لوگ جو آفت کا شکار ہوئے ہیں ان کے لئے ان کے لئے جو امداد یاگرانٹ برطانیہ نے دی ہے اس میں کرپشن یا خرد برد کی گئی ہے، یہ اتنا گھنائونا الزام تھا جس میں شہباز شریف اور ان کی حکومت اورساتھ ان کے فیملی ممبران کوملوث کیا گیا ، اس الزام کے ڈیلی میل پانچ مرتبہ ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا اور اس کے بعد انہوںنے تسلیم کیا کہ ہم سے غلطی ہوئی ہے ہم نے غلط الزام لگایا ، بتایا جائے یہ غلطی کرائی کس نے تھی ، ڈیلی میل کے جو نمائندے تھے ان کو پاکستان بلایا گیا ، وزیر اعظم عمران خان نے خود ان سے ملاقات کی اورجعلی دستاویزات ان کے حوالے کئے ،شہزاد اکبراس نے باقاعدہ جیل میں لوگوں سے ملوایا اور پورا ڈرامہ کیا ،انہوںنے ڈیلی میل کے نمائندے مسٹر روز نے چکمہ دیا اوران کی باتوں میں آگیا۔ یہ ملک کے خلاف ایسی گھنائونی سازش تھی کہ اس کے بعد کوئی پاکستان کو کوئی امداد یا گرانٹ نہ دے ۔