میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
منی لانڈرنگ ریفرنس 'شہباز شریف فیملی کیخلاف مشتاق چینی کا بیان سامنے آگیا

منی لانڈرنگ ریفرنس 'شہباز شریف فیملی کیخلاف مشتاق چینی کا بیان سامنے آگیا

ویب ڈیسک
پیر, ۹ نومبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی فیملی کے خلاف وعدہ معاف گواہ مشتاق چینی کا بیان سامنے آگیا ہے ۔احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس میں صدر مسلم لیگ (ن)شہباز شریف کی فیملی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے مشتاق چینی کا بیان سامنے آگیا ہے ، احتساب عدالت نے بیانات کی کاپیاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کو فراہم کردی ہیں۔مشتاق چینی نے بیان میں کہا کہ قاسم قیوم اور عبدالقیوم نے میرے اکائونٹ سے 6 کروڑ کی ٹی ٹیز لگوائیں، طریقہ کار یہ تھا کہ میں نے قاسم قیوم کو نقد 6کروڑ روپے دئیے ، قاسم قیوم نے وہ ٹی ٹیز لگوائی اور یہ ظاہر کیا کہ یہ رقم مجھے باہر سے موصول ہوئی ہے جبکہ 2014میں مجھے سلمان شہباز کا کالا دھن سفید کرنے کے استعمال کیا گیا۔مشتاق چینی نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ سلمان شہباز کے 60 کروڑ کو بیلک سے وائٹ منی میں منتقل کرنا ہے ، میں نے بے بسی کا اظہار کیا تو کہا گیا صرف آپ کا اکائونٹ استعمال ہوگا، پرانے کاروباری تعلقات اور لالچ میں آکر میں نے اجازت دے دی، 2014میں سرکلر روڈ برانچ سے 21 کروڑ 40 لاکھ کی ٹی ٹیز لگوائی گئیں، اسی سال پھر مشتاق اینڈ کمپنی کے اکائونٹ سے 29 کروڑ 30 لاکھ کی ٹی ٹیز لگائی گئیں۔مشتاق چینی نے بیان میں مزید کہا کہ اس رقم کے برابر چیک میں نے کاٹ کر محمد عثمان کے حوالے کر دئیے ، وقار ٹریڈنگ کمپنی سے میرے اکائونٹ میں 10 کروڑ منتقل کیے گئے ، اس رقم کے برابر کا چیک میں نے محمد عثمان کے حوالے کیا جبکہ سلمان شہباز نے ان ساری ٹرانزیکشن کے فرضی معاہدے تیار کروائے ، معاہدوں کے مطابق 60کروڑ کی رقم میں نے سلمان شہباز سے بطور قرض حاصل کی۔مشتاق چینی کا کہنا تھا کہ مفروضی قرضے کو حقیقت کا رنگ دینے کیلئے سلمان شہباز نے 10کروڑ میرے اکانٹ میں منتقل کروائے تھے ، میں نے سارا عمل کاروبار اور کالے دھن کو سفید کرنے کی لالچ میں کیا، میں اپنے عمل پر نادم ہوں اور معافی چاہتا ہوں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں