پاکستان بنگلا دیش سفارتی کشیدگی ،دفتر خارجہ کی بنگلا دیشی ہائی کمشنر کو واپس بھیجنے کی سفارش
شیئر کریں
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سفارتی کشیدگی، دفترِ خارجہ نے بنگلا دیشی ہائی کمشنر کو واپس بھیجنے کی سفارش، بنگلا دیشی ہائی کمشنر کو واپس بھیجنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔سفارتی ذرائع دفترخارجہ کی جانب سے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو سمری ارسال کر دی گئی ہے ۔ یہ سفارش بنگلا دیش کیلیے پاکستان کی جانب سے نامزد ہائی کمشنر سیدہ ثقلین کو ایگریما نہ دینے کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ پاکستان نے گزشتہ آٹھ ماہ سے نئے ہائی کمشنر کے ایگریما کیلیے درخواست دے رکھی ہے ۔
ذرائع کے مطابق سیدہ ثقلین کے ایگریما کی درخواست 26 جنوری کو دی گئی، قواعد کے مطابق میزبان حکومت کو چھ ہفتے میں ایگریما دینا ہوتا ہے لیکن آٹھ ماہ گزر جانے کے باوجود بنگلا دیشی حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا۔بنگلا دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر رفیع الزمان صدیقی 18 فروری کو ریٹائر ہو گئے تھے ۔ دفترِ خارجہ حکام نے ایگریما نہ دینے پر تین بار بنگلا دیشی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو طلب کیا، اس وقت ڈھاکہ میں پاکستانی سفارتی مشن قونصلر سطح کا افسر چلا رہا ہے ۔ بنگلا دیشی ہائی کمشنر کو واپس بھیجنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے ۔