ایک خاندان ملک کو تباہ کررہا ہے، لگتا ہے ایک بار پھر سڑکوں پر آنا ہوگا، عمران خان
شیئر کریں
بونیر(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں پورے پاکستان میں تبدیلی کا انقلاب آئے گا ٗشاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیر اعظم ہیں ٗ زرداری اور نوازشریف کے آنے تک ہر پاکستانی پر35 ہزار قرضہ تھاٗجمہوریت میں میرٹ اور بادشاہت میں خون کار شتہ ہے ٗمیرٹ ہو تو بلاول بھٹو اور مرادسعید کا کوئی مقابلہ نہیں ٗ نواز حکومت پاکستان کو اخلاقی پستی کی جانب لے کر جارہی ہے ٗنواز شریف اپنی کرپشن بچانے کیلئے پاکستان کی فوج اور عدلیہ کو بدنام کر رہے ہیں ٗمجھے لگتا پاکستان کو بچانے کے لیے ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔اتوار کو بونیر میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں کامیابی نہیں ملی، لیکن اب بونیر پی ٹی آئی کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قوم تب اٹھتی ہے جب وہ اپنا کردار ٹھیک کرتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ قومی اسمبلی نے پارٹی صدر کے انتخاب سے متعلق قانون پاس کیا، نواز شریف نے صرف ادارے تباہ نہیں کیے، قوم کی اخلاقیات بھی تباہ کیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ نوازشریف اب بھی میرے وزیراعظم ہیں ٗوہ ایک کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمیں عوام کے پیسے کی حفاظت کرنی ہے، کبھی کسی کرپٹ لیڈر کو حکومت میں نہیں آنے دینا، قوم فیصلہ کرلے ہمیں ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ قومیں کبھی بمباری یاشکست سے تباہ نہیں ہوتیں، بلکہ قومیں اخلاقیات ختم ہونے سے تباہ ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کی کرپشن کی قیمت عوام غربت سے ادا کرتی ہے، آصف زرداری اور نوازشریف قوم کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، جبکہ مولانا فضل الرحمان دونوں کے ساتھ ہی فٹ ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور نوازشریف کے آنے تک ہر پاکستانی پر35 ہزار قرضہ تھا، اس وقت ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے کا قرضہ ہوگیاہے۔عمران خان نے کہا کہ ملک میں 45 فیصد بچے خوراک کی کمی کی بیماریوں کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سال ایک ہزار ارب روپے منی لانڈرنگ سے باہر چلے جاتے ہیں ٗاگر یہ پیسہ باہر نہ جائے تو یہاں فیکٹریاں، اسکول اور ہسپتال بن سکتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کی ساری کوششیں منی لانڈرنگ کی سزا سے بچنے کے لیے ہیں، اگر سزا ہوگئی تو تمام جائیدادضبط اور بینک اکاؤنٹس منجمد ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں میرٹ اور بادشاہت میں خون کار شتہ ہے، اسی بنیاد پر جمہوریت نے بادشاہت کو شکست دی۔انہوں نے کہا کہ میرٹ ہو تو بلاول بھٹو اور مرادسعید کا کوئی مقابلہ نہیں، مراد سعید میرٹ پر اوپر آیا، پیپلز پارٹی میں میرٹ ہوتی تو بلاول اور اعتزاز احسن میں کیا مقابلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں خیبرپختونخوا میں غربت آدھی ہوگئی ہے۔ عمران خان نے کہاکہ نواز شریف اپنی کرپشن چھپانے کے لیے پاکستان کی فوج اور عدلیہ کو بدنا کر رہے ہیں ٗمجھے لگتا پاکستان کو بچانے کے لیے ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔انتخابی اصلاحات بل 2017 کے حوالے سے کہا کہ ملک میں ایک ایسا قانون پاس کیا گیا کہ جھوٹ بولنے والا یا چوری کرنے والا کسی بھی سیاسی جماعت کا صدر بن سکتا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرے گی۔