طوفانی بارشوں نے بلوچستان میں تباہی مچادی مویشی بہہ گئے، 8 افراد جاں بحق
شیئر کریں
طوفانی بارشوں نے بلوچستان میں تباہی مچادی، 8 افراد جاں بحق ہو گئے ۔مستونگ، خضدار، ہرنائی، نوشکی، لورا لائی، ڈھاڈر میں سیلابی ریلوں میں متعدد مویشی بہہ گئے، کچے گھروں کی دیواریں گر گئیں، کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ قومی شاہراہوں پر جگہ جگہ آمدورفت معطل ہوگئی۔شدید بارشوں کی وجہ سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، مکران کوسٹل ہائی وے پر 30 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا، کوہلو کے ندی نالوں میں طغیانی سے سوناری پْل بہہ گیاجس کی وجہ سے کوہلو کا سبی اور کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق بارش اور سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں اب تک تین افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مون سون رینج والے علاقوں آواران، تر بت، گوادر، اورماڑہ، ڈیرہ بگٹی،جھل مگسی، زیارت ،ہرنائی،لسبیلہ، جعفر آباد اور نصیر آباد، بولان اور سبی، سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔جعفرآباد میں بارش کے باعث پیش آنے والے حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حب میں سیلابی ریلے میں پھنسے 2 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔خضدار کے تفریحی مقام مولا چٹوک میں سیلابی ریلے میں پھنسے 7 سیاح ریسکیو کر لیے گئے جبکہ مکران کوسٹل ہائی وے پسنی کے بدوک کے قریب پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس کے باعث گوادر کا لسبیلہ اور کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا اور کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ضلع ڈیرہ بگٹی میں مختلف علاقوں میں 4 سے 5 فٹ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا، انتظا میہ نیآبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔ ہرنائی میں ا یک گھنٹے مسلسل بارش سے نشیبی علاقہ زیر آب آ گیا اور پہاڑوں سے آنے والے پانی کے باعث برساتی نالوں میں سیلابی ریلہ محلہ غریب آباد کے کچے مکانات میں داخل ہوگیا، رہائشی اپنی مدد آپ کے تحت سیلابی پانی کو گھروں سے نکال رہے ہیں۔بولان کے علاقے کرتہ ندی میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے کوئٹہ سبّی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گیا، سیلابی ریلہ کرتہ میں خانہ بدوشوں کے مال مویشی بہا کر لے گیا۔ڈیرہ بگٹی میں سیلابی ریلے میں سانپ نے ایک شخص کو کاٹ لیا جسے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا، سیلابی ریلہ مقامی آبادی کا سامان اور کھانے پینے کی اشیاء بھی بہا کر لے گیا۔