مریم نواز کی گرفتاری سے حکومت اپنی نالائقی نہیں چھپا سکتی ،مریم اورنگزیب
شیئر کریں
مسلم لیگ (ن )کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ کے کارکنوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب آخر کب تک؟، مریم نواز کی گرفتاری سے حکومت اپنی نالائقی نہیں چھپا سکتی ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کفر کی حکومت چل سکتی ہے ظلم کی نہیں، آپ مریم نواز کی گرفتاری سے اپنی نالائقی اور نااہلی نہیں چھپا سکیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ گرفتاریوں سے آپ عوام پر ظلم اور معاشی بدحالی نہیں چھپا سکیں گے ۔واضح رہے کہ آج چوہدری شوگر مل کیس میں گرفتار مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا گیا۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے مسلم لیگ نون کے کارکنوں کو روکے جانے پر نون لیگی کارکنوں اور پولیس میں تکرار ہوئی اور تصادم ہو گیا۔مشتعل لیگی کارکنوں نے پولیس پر پتھرائو کیا جبکہ پولیس کی جانب سے ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، پتھر لگنے سے ایک پولیس اہلکار کا سر پھٹ گیا۔