میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

ویب ڈیسک
جمعه, ۹ جون ۲۰۱۷

شیئر کریں

مفتی غلام مصطفی رفیق
کسی مسلمان کو پریشانی میں مبتلاکرناناجائزہے
مجھے ایک پریشانی لاحق ہے، کچھ لوگوں نے خود سے ہمیں پریشان کرنا شروع کیاہواہے۔ اور ہمارے سمجھانے پر ان لوگوں نے اور زیادہ پریشان کرنا شروع کر دیا ہے جو کہ نہ صرف میرے لیے بلکہ میرے گھر والوں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ہم تین بھائی ہیں۔جب ہم نماز پڑھنے یا کہیں اور کسی کام سے جاتے ہیں تو وہ لوگ ہَم پر آوازیں کستے ہیں ،برا بھلا کہتے ہیں۔اس طرح کے لوگوں کے بارے میں کیا حکم ہے؟(محمد ذیشان)
جواب: حدیث شریف میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایاہے:’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں‘‘۔یعنی نہ اس کی زبان سے کسی کو تکلیف پہنچے اور نہ اس کے ہاتھ سے کسی کوتکلیف پہنچے۔اور جس مسلمان کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے لوگ محفوظ نہ رہیں وہ شخص مسلمان کہلانے کا مستحق نہیں ہے۔ جو لوگ آپ کو بلاوجہ تکلیف پہنچانے کے درپے ہیں ،وہ سخت گناہ کبیرہ کے مرتکب ہیں،انہیں اپنے اس قبیح فعل سے بازآناچاہیے،اگروہ لوگ بازنہیں آتے توآپ صبرسے کام لیں ،اللہ تعالیٰ آپ کے حق میں بہتری کامعاملہ فرمائیں گے اور وہ خود اپنے انجام بدکوپہنچ جائیں گے۔
مخنث کو زکوۃ دینا
سوال:ہمارے ہاں خواجہ سراء مانگنے آتے ہیں ، ان میں سے بعض غریب بھی ہیں، کیاانہیں زکوۃ دی جاسکتی ہے؟مجھے ایک دوست نے کہاہے کہ خواجہ سراء کو زکوۃ نہیں دے سکتے۔براہ کرم جواب عنایت فرمائیں۔
جواب:آپ کے دوست کاکہناٹھیک نہیں۔خنثٰی اگرمستحق ہوتواسے زکوۃ دے سکتے ہیں۔
ساس سسر کوزکوۃ دینا
سوال:میرے ساس سسر غریب ہیں، ان کے پاس رہائش کا ذاتی مکان بھی نہیں ، کرایہ کے مکان میں رہتے ہیں، کیامیں زکوۃ کی رقم سے ان کے ساتھ تعاون کرسکتاہوں؟
جواب:جی ہاں! اگر ساس سسر غریب ہیں اور نصاب کے مالک نہیں توزکوۃ کی رقم سے ان کے ساتھ تعاون کرناجائزہے۔(بدائع الصنائع،2/50،ط:ایچ ایم سعید)
روزے میں ناخن کاٹنا
سوال:میرے ناخن کا کچھ حصہ ٹوٹ گیا تھا میں نے اُسے کھینچ کر نکال دیا،مجھے ایک شخص نے کہاکہ ناخن کاٹنے سے روزہ ٹوٹ جاتاہے،کیایہ بات درست ہے؟مجھے قضا کرنی ہوگی؟
جواب:روزے کی حالت میں ناخن کاٹنادرست ہے، یہ عمل روزے کے منافی نہیں ،اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا،آپ کاروزہ ہوگیاقضاکی ضرورت نہیں۔
تراویح کی رکعات رہ جائیں تو کس طرح ادا کریں؟
سوال:اگرکوئی شخص امام کے تراویح شروع کرنے کے بعد مسجد میں آیا،اب وہ پہلے توفرض نمازاداکرے گا،پھرتراویح کس طرح اداکریں؟جتنی رکعتیں رہ گئی ہیں پہلے وہ ادا کرکے پھر امام کے ساتھ شامل ہوں ؟
جواب:جو شخص تراویح شروع ہوجانے کے بعد آیااسے چاہیے کہ پہلے تنہا فرض نماز اداکرلے پھرامام کے ساتھ تراویح میں شامل ہوجائے ،جب امام تراویح مکمل کرلے تویہ شخص امام کے ساتھ ہی وتربھی باجماعت اداکرلے اور بعد میں بقیہ تراویح کی رکعتیں پوری کرلے۔(فتاویٰ شامی،کتاب الصلوۃ، فصل فی التراویح،2/44،ط:ایچ ایم سعید)
روزے میں آنکھوں میں سرمہ لگانا
سوال:کیا روزے میں آنکھوں میں سرمہ لگاناجائز ہے یانہیں؟
جواب:روزے کی حالت میں آنکھوں میں سرمہ لگاناجائز ہے،اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔سنن ابن ماجہ میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم روزے کی حالت میں سرمہ استعمال فرماتے تھے۔(سنن ابن ماجہ ،ص:-121فتاویٰ تاتارخانیہ،2/366،ط:ادارۃ القرآن والعلوم الاسلامیہ)
چھپکلی کومارنے کا حکم
سوال:میرا سوال یہ ہے کہ چھپکلی کو مارنا ثواب ہے یا گناہ؟
جواب:چھپکلی کومارنا ثواب ہے، صحیح مسلم،سنن ابوداؤد وغیرہ کی روایات میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کے مارنے پراجر منقول ہے۔(صحیح بخاری، 1/466،ط:قدیمی – صحیح مسلم، 2/236،ط:قدیمی)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں