جماعت اسلامی ایم کیوایم طرزپرلسانیت پھیلانے کی سازش کررہی ہے،سعیدغنی
شیئر کریں
وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والوں کا مقدمہ وفاقی وزراء ، پنجاب حکومت اور مری کی انتظامیہ کے خلاف قائم ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے کہ وہ دھرنا دیں اور احتجاج کریں لیکن لوکل گورنمنٹ کے بل کو جواز بنا کر ایم کیو ایم کی طرز پر جماعت اسلامی کی لسانیت کی سیاست کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ فارن فنڈنگ کیس میں اسکورنٹی رپورٹ جو اب تک سامنے آئی ہے، یہ اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ پی ٹی آئی بطور جماعت ایک کرپٹ جماعت ہے اور انہوں نے غیر ملکیوں سے اربوں روپے 53 ایسے بینک اکائونٹس میں وصول کئے جس کو انہوں نے ظاہر نہیں کیا اور اس میں 4 افراد کو جو ان کے ملازمین تھے انہیں ان اکائونٹس کو استعمال کرنے اور فنڈز وصول کرنے کا اختیار دیا۔ اس بات کے سامنے آنے کے بعد عمران خان کو فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے اور فارن فنڈنگ کے نام پر اسرائیلی اور بھارتی تنظیموں سے فنڈز لینے کی صاف اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ 27 فروری کو کراچی سے عمران ہٹائو مارچ کا آغاز بلاول بھٹو زرداری کریں گے اور اسلام آباد تک یہ مارچ لاکھوں کی تعداد میں عوامی سمندر کا روپ اختیار کرجائے گا اور اس نالائق اور نااہل وزیر اعظم کو اہنے گھر واپس جانا ہی ہوگا۔ سندھ میں اپوزیشن لیڈر کے گروپ میں وزیر اعلیٰ سندھ پر حملے اور اسپیکر کو اس کی کرسی سے پھیکنے کی جو سازش بے نقاب ہوئی ہے، ہم عمرانی مسخرے کی طرح مسخرے تو نہیں بن سکتے بلکہ ان کا سیاسی طور پر مقابلہ کریں گے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ آج مری میں جو سانحہ پیش آیا ہے اور جس کے نتیجے میں اب تک کی میری اطلاع کے مطابق 21 افراد جن میں خواتین اور معصوم بچے ہیں وہ جان بحق ہوئے ہیں۔ یہ ایک قابل افسوس سانحہ ہیں اور ہم اس پر افسردہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مجھے ان نالائق اور نااہل وزراء کی سمجھ نہیں آتی جو ایک ایسے علاقے میں جہاں گاڑیوں کی گنجائش 4 سے 5 ہزار سے زائد نہیں ہے اور جہاں کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات پہلے ہی پیشن گوئی کرچکا ہو کہ یہاں شدید برف باری اور ٹھنڈ ہوگی اور یہ نالائق وزراء اس کو معیشت کی بہتری قرار دے رہے تھے۔