ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتمادکا نوٹس ، تحریک جمع
شیئر کریں
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتمادکا نوٹس اور تحریک جمع کروادی گئی ہے ۔ 87 سے زائد ارکان نے عدم اعتماد کی قرادادپیش کرنے کی اجازت کے حصول کی تحریک پر دستخط کردیے ہیں۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد سیکریٹری قومی اسمبلی کو جمع کرا دی گئی۔قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کا نوٹس سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی، محسن شاہنواز رانجھا شازیہ مری نے جمع کرایا ہے ، پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ(ن) جے یو آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے تحریک پر دستخط کردیے ہیں۔ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا نوٹس آئین کے آرٹیکل 53 کی شق 7 کے پیرا ،، ج ،، کے تحت جمع کرایا گیا ہے ۔نوٹس میں ڈپٹی اسپیکرکے خلاف آئین اور قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔قرارداد کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مختلف مواقع پر ڈپٹی اسپیکر کی طرف سے آئین اور قواعد کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔ ڈپٹی اسپیکر قواعد کی خلاف ورزی کر کے ارکان کا اعتماد کھو چکے ہیں لہذا ڈپٹی اسپیکر کے خلاف قرارداد پر 7 دن بعد کارروائی شروع کی جائے ۔نوٹس کے 7 دن بعد قرارداد کو کارروائی کے لیے قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل کر دیا جائے گا، اسی دن کم از کم 87 ارکان کی حمایت سے تحریک پیش کرنے کی اجازت ملنے پر اس پر رائے شماری ہو گی اور معاملہ نمٹایا جائے گا۔شازیہ مری اور دیگر نے تحریک پر دستخط کروائے۔