آفاق احمد کی بانی متحدہ کو اپنی جماعت دینے کی پیشکش، معافی مانگ کر پاکستان آجائیں، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد نے24نومبر کو حیدر آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر قائد متحدہ مہاجروں کے حق میں ہیں تو برطانوی شہریت چھوڑ اور معافی مانگ کر پاکستان آجائیں، میں اپنی جماعت بھی انھیں دے دوںگا،گرفتاریوں سے مہاجروں کی سوچ کو نہیں بدلا جاسکتا، اپنے ساتھیوں کے قاتلوں کو این آر او کے تحت معاف نہیں کرو گا،حماد صدیقی کو فرمائش پر لایا جارہا ہے ،وہ پاکستان آکر پی ایس پی جوائن کرے گا۔ان خیالات کا اظہار منگل کو کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔آفاق احمد نے کہا کہ ماضی میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل این آر او لایا گیا اور اس کے ذریعے ان کے مقدمات ختم کیے گئے ، پرویز مشرف کے زمانے میں بھی این آر او سے اربوں ، کھربوں روپے کرپشن والوں کو معاف کیا گیا، ٹارگٹ کلر زکو چھوڑا گیا ، سیاسی جماعتوں کو فائدہ پہنچایا گیا، لیکن عوام کے لیے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے ساتھیوں کے قاتلوں کو این آر او کے تحت معاف نہیں کرو گا، جن لوگوں نے قتل و غارت کی ان کے گناہ دوسری سیاسی جماعت میں جانے سے معاف نہیں کیے جانے چاہیے اور کسی بھی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں ہونا چاہیے کہ ملزم آئے ،اپنے گناہ دھو کے پاک ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ ارشد وہرا کے ساتھ بھی حال ہی میں ایسا ہوا ہے ، اب حماد صدیقی کو فرمائش پر لایا جارہا ہے اورمیرے ذرائع یہ کہتے ہے کہ حما دصدیقی پاکستان آکر پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرے گا،لیکن حماد صدیقی کو بھی یہاں لاکر سرکاری جماعت میں دھو کر پاک قرار دینا درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے گھر پر بھی کچھ دن پہلے چھاپہ مارا گیا،لیکن گرفتاری کر کے آپ مہاجروں کی سوچ بدل نہیں سکتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف نہیں، جو متحدہ سے پوچھ کر جلسہ کریں، ہمیں سیکورٹی ملے نہ ملے 24 نومبر کوحیدرآباد میں جلسہ کریں گے، تمام مہاجرکو ہ نور چوک ، حیدرآباد میں جلسہ کرنے کے لیے جائیں گے۔