فش ہاربرپرفیکٹری میں زہریلی گیس کا اخراج ،خواتین سمیت 20 متاثر
شیئر کریں
فش ہاربر پر فیکٹری میں امونیا گیس کا سلنڈر پھٹنے اور زہریلی گیس پھیلنے سے فیکٹری میں کام کرنیوالی 17 خواتین سمیت 18 مزدوروں کی حالت غیر ہوگئی ، جبکہ 6 خواتین کو بے ہوش کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کو نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور وزیر لیبر سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکس کے علاقے فش ہاربر میں واقع فیکٹری کے اندر امونیا گیس کا سلنڈر پھٹنے کے باعث گیس فیکٹری میں پھیل گئی، جس کے نتیجے میں فیکٹری کے متعدد مرد و خواتین ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، زہریلی گیس سے 17 خواتین مزدوروں سمیت 18 متاثرین کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، اسپتال میں متاثرہ خواتین کی شناخت 23 سالہ آمنہ زوجہ کبیر ، 17 سالہ محمودہ دختر صدیق ،8 سالہ بچی حلیمہ دحتر بچوما، 32 سالہ حجرہ زوجہ فرقان ، 32 سالہ محمودہ زوجہ امان ، 25 سالہ ثمرین زوجہ عمران ،25 سالہ حلیمہ ، 22 سامہ ماریہ دحتر محمد انیس، 19 سالہ نسمیہ دحتر بابو ، 35 سالہ شہزادی زوجہ طاہر ، 40 سالہ سکینہ زوجہ اسلم ، 35 سالہ حلیمہ زوجہ شکور ، 28 سالہ آسیہ زوجہ حسن ، 24 سالہ نسرین ، 35 سالہ صفیہ زوجہ جہانگیر ، 38 سالہ آسیہ زوجہ بلال اور 23 سالہ اسماعیل ولد ابوبکر کے ناموں سے ہوئی ہے۔سیکیورٹی انچارج فش ہاربر ناصر بونیری کے مطابق فیکٹری میں جھینگے اور مچھلی کی پروسیسنگ ہوتی ہے، فیکٹری میں 60 خواتین صبح 9 بجے معمول کے مطابق کام پر پہنچی تھیں۔سیکیورٹی انچارج کا کہنا ہے کہ امونیا گیس کے دھماکے سے علاقے میں بدبو پھیل گئی۔ گیس سے متاثرہ 17 خواتین بے ہوش ہوئیں جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا، متعدد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ فیکٹری کی دیگر خواتین محفوظ ہیں،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے چھ ملازمین ایسے ہیں جو گیس کی وجہ سے مکمل طور پر بیہوش ہوگئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری انتظامیہ پر غفلت اور لاپرواہی کا الزام ہے، پولیس نے فیکٹری کے سپروائزر اور انجینئر کو گرفتار تفتیش شروع کردی ہے۔جبکہ دوسری جانبوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی فش ہاربر کی فوڈ فیکٹری میں گیس دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور وزیر لیبر سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ فش ہاربر کی فوڈ فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج سے اطلاعات ہیں کہ 18 خواتین کی حالت تشویشناک ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ تمام متاثرہ خواتین کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ مراد علی شاہ نے محکمہ فوڈ کو فیکٹری کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ فوڈ فیکٹری میں ناکارہ گیس سلنڈر پائے جائیں تو اسے فوراً سیل کریں۔