شہرِقائد میں گندگی ،غلاظت کے ڈھیر ، ڈینگی مزید پھیلنے کا خطرہ
شیئر کریں
شہر قائد میں جگہ،جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر متعدد بیماریوں کے پھیلنے کا موجب بنے ہوئے ہیں۔ کراچی کے ایسے علاقے جہاں غریب اور متوسط عوام رہائش پزیر ہیں انتظامی غفلت اور لاپرواہی کی بھینٹ چڑھتے نظر آتے ہیں ۔ حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق کچرا کنڈیوں سے اُٹھنے والے تعفن ، بدبو اور جرا ثیم سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھیلنے کے خطرات شدت اختیار کر چکے ہیں ۔ حالات اس نہج پر پہنچ چُکے ہیں کی کچرا پڑے ،پڑے سڑتا رہتا ہے لیکن اُسے وقت پر اُٹھا کر ٹھکانے لگانے والا کوئی نہیں ۔ غلیظ کچرے اور اس سے رسنے وا لے گندے پانی میں مچھر ، مکھیاں اور دیگر کیڑے مکوڑے افزائش پاتے ہیں، بالخصوص مچھروں کی افزائش ڈینگی جیسے جان لیوا مرض میں اضافے کا سبب بن رہی ہے ۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے صفائی ستھرائی کے بروقت اور موثر انتظامات غفلت ، لاپرواہی اور کرپشن کی نظر ہوچکے ہیں ، کچرے کی انتظام کاری سے متعلق بدترین صورتحال سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ کی مایوس کُن کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ایک جانب بنیادی اور اہم پیشہ وارانہ ذمے داریوں کی انجام دہی سے غفلت برتی جارہی ہے تو دوسری جانب کچرے کی ریسائکلنگ سے معاشی ترقی حاصل کرنے کی باتیں ، مضحکہ خیز اور عوام سے کیا جانے والا ایک بھونڈا مذاق معلوم ہوتی ہیں ۔