یوم آزادی پرکراچی میں فول پروف سیکورٹی کا حکم، ریلیوں، جلسوں کی کڑی نگرانی ہوگی
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے 70ویں جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے احکامات جاری کیے ہیں کہ یوم آزادی کے موقع پر صوبے بھر بالخصوص کراچی میں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات اختیار کئے جائیں،جاری کی جانے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر مزار قائد تفریحی مقامات مرکزی شاہراہوں پر مختلف ریلیوں اور جلوسوں کے انعقاد کے خواہشمند تنظیموں تعلیمی اداروں اور این جی اوز سے شرکاء کی باقاعدہ فہرستیں اور تفصیلات طلب کرکے زونوں اور رینج کی سطح پر حفاظتی انتظامات کو ترتیب دیا جائے ۔وزیر داخلہ کے ترجمان کے مطابق یوم آزادی کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجتمات اور پروگراموں کی براہ راست نگرانی ایس ایس پیز کریں اور متعلقہ ایس ڈی پی اوز ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی بریفنگ اور ایس ایچ اوز کی رہنمائی کریں گے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ تھانہ جات کے حوالے سے تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں سفارت خانوں بس ٹرمینلز شاپنگ سینٹرز فلائی اوورز ریلوے اسٹیشنوں بس اڈوں سمیت اسکولوں اور کالجوں میں ہونے والی جشن آزادی کی تقریبات کی سیکورٹی کا فول پروف بندوبست کیا جائے اور یوم ازادی کی ریلیوں کے دوران اسپیشل برانچ اہلکاروں کی موجوگی یقینی بنایا جائے۔ سہیل انور سیال نے ہدایت جاری کرتے ہوے کہا کہ اسنیپ چیکنگ پکٹنگ اور گشت کے عمل میں تیزی کے ساتھ مشکوک اور مشتبہ افراد پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور مزار قائد سمیت قومی ورثے کی عمارتوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کروایا جائے اور ٹریفک کی روانی بلا تعطل جاری رکھنے کے لئے یقینی اقدامات کیے جائیں۔
کراچی/سیکورٹی