بھارتی سیاست دانوں کا رویہ دہشت گردی پر مبنی ہے، مصری درسگاہ جامعہ الازہر
شیئر کریں
مصر کی سب سے قدیم جامعہ الازہر نے بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کی سرکاری ترجمان کے گستاخانہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیاست دانوں کا رویہ دہشت گردی پر مبنی ہے جو دنیا کو شدید بحرانوں اور جنگ میں جھونک سکتا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جامعہ الازہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مہذب دنیا کو سیاسی فائدے کے لیے مذاہب ، اعلی انسانی اقدار کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت موقف اختیار کرنا ہوگا۔ جامعہ الازہر کا کہناتھا کہ بھارتی حکمراں جماعت کی ترجمان کا گستاخانہ بیان توہین آمیز اور جہالت کا عکاس ہے، بھارتی سیاستدانوں نے انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لیے اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کا سہارا لیا ہے اور وہ مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکا رہے ہیں۔ جامعہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمراں جماعت کا یہ نقطہ نظر انتہا پسندی، نفرت اور بغاوت کی واضح دعوت ہے، عالمی برادری عزم و طاقت کے ساتھ اس طرح کی بدسلوکیوں کے خطرات کا مقابلہ کرے۔ واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدۖ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔دوسری جانب گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں بائیکاٹ انڈیا مہم بھی چل پڑی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم شروع ہوگئی ہے۔