پنڈی ٹیسٹ ، گرین شرٹس کو 200 رنز کی برتری حاصل
شیئر کریں
راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لیے ہیں۔ گرین شرٹس نے 200 رنز کی برتری حاصل کرلی۔قومی ٹیم کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف اوپننگ بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ عمران بٹ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ عابد علی کی مزاحمت بھی 13 رنز پر دم توڑ گئی۔ کپتان بابر اعظم بھی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے اور صرف 8 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔قومی ٹیم کو چوتھا نقصان اظہر علی کی صورت میں اٹھانا پڑا ، سینئربیٹسمین 63 کے مجموعہ پر 33 رنز بنا کر چلتے بنے۔ فواد عالم 12 رنز بنا کر مارکرم کو کیچ دے بیٹھے، فہیم اشرف کی اننگز 29 تک محدود رہی اور لنڈے کا نشانہ بن گئے۔کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لیے ہیں۔ محمد رضوان 28 اور حسن علی صفر پر کریز پر موجود ہیں۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ تیسرے روز مہمان جنوبی افریقہ نے 106 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، صرف 8 رنز کے اضافے کے بعد پروٹیز کو پہلی یعنی پانچویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، 29 رنز پر کھیلتے کپتان کوآنٹن ڈی کوک کو شاہین آفریدی نے بولڈ کیا۔ویان ملڈر 33، جورج لنڈے 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈین ایلگر 15، وان ڈیر ڈاسن کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے۔ فاف ڈپلسی 17 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے، ایڈن مارکرم 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، نعمان علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگز میں فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابر اعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔عمران بٹ 15، عابد علی 6، اظہر علی 0، محمد رضوان 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8، 8 رنز سکور کیے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے انرج نورجی نے 5 اور کیشو مہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔