آئل ٹینکر عملہ اغوا کیس؟سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی گرفتار
شیئر کریں
ملتان پولیس نے آئل ٹینکر کے عملے کو اغواء اور تیل چوری کرنے کے الزام میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو گرفتار کرلیا ہے ۔جمشید دستی کیخلاف آئل ٹینکر کے عملے کو اغواء اور تیل چوری کے الزام میں 23 تاریخ کو مقدمہ درج ہواتھا ۔ پولیس انہیں گرفتارکرنے کیلئے چھاپے مارتی رہی۔ گزشتہ روز جمشید دستی پولیس کے ہتھے اس وقت چڑھ گئے جب وہ ضمانت کرانے کیلئے ہائی کورٹ آرہے تھے کہ پولیس نے انہیں ہائی کورٹ کے قریب سے ہی گرفتارکرلیا۔اور بعدازاں پولیس انہیں مظفر گڑھ لے گئی۔ یاد رہے ان کے دیگر ساتھی چند روز پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آئل ٹینکر عملہ اغوا کیس میں جمشید دستی اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کئی روز سے روپوش جبکہ ان کا موبائل نمبر بھی بند تھا۔ایک ماہ قبل پولیس اہلکار فرخ شہزاد نے ساتھیوں سے مل کر ڈرائیور سے دو آئل ٹینکر چھینے تھے ۔ گرفتار پولیس اہلکار فرخ شہزاد، جمشید دستی کا گن مین اور جماعت کا سرگرم رکن بھی رہ چکا ہے۔