دہشتگردوں، سہولت کاروں کو شکست دیں گے، عسکری قیادت
شیئر کریں
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے تمام عناصر کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کو کردار ادا کرنا ہوگا۔شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر شکست دیں گے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس (جی ایچ کیو) میں ہوئی، جس میں علاقائی،ملکی سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیا گیا جبکہ سرحدوں کی صورتحال، داخلی سیکیورٹی، پیشہ ورانہ دلچسپی کیامور پرگفتگو بھی کی گئی۔کانفرنس کے شرکا نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔ شرکا نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حق ملنے تک کشمیریوں کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مقصد کی تکمیل تک کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔کورکمانڈرز نے کہا کہ ’انشااللہ، بہادر کشمیریوں کی جدوجہد کامیابی سے ہم کنار ہوگی‘۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان میں امن و عمل میں پیشرفت پراطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کانفرنس میں شریک کور کمانڈرز نے کہا کہ قومی کوششوں سے ہر قسم کے خطرات کو مکمل شکست دی جاسکتی ہے، اس کے لیے معاشرے کے تمام فریقین کو اپنا بامقصد کردار ادا کرنا ہوگا۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ’ ہرسطح پر بہترین صلاحیتوں کی بدولت تمام چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے،قومی اداروں کے تمام عناصرکو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا‘۔کانفرنس میں کرونا سے نمٹنے سے متعلق اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ شرکا نے امن کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر شکست دیں گے۔