میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایس بی سی اے ، گرفتار ملزمان کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین پر بھتہ وصولی کا الزام

ایس بی سی اے ، گرفتار ملزمان کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین پر بھتہ وصولی کا الزام

ویب ڈیسک
بدھ, ۵ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

کراچی (رپورٹ: آصف سعود) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار ملازمین نے ایم اے جناح روڈ پر سلیم گوڈیل کی بلڈنگ سے بھتہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین کی ہدایت پر پہنچنے کا اعتراف کرلیا۔ ذریعے کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کے پاس گرفتاری کے وقت مختلف بلڈروں سے جمع کیا گیا بھتہ 40 لاکھ روپے برآمد ہوا تھا تاہم پریڈی پولیس نے ملزمان سے صرف 80 ہزار روپے کی برآمدگی ظاہر کی۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پریڈی پولیس کے ہاتھوں بھتہ وصولی کے الزام میں گرفتار سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران ظفر سپاری، عمیر کریم اور امین نے ایس آئی یو میں دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین ان کے ذریعے ضلع جنوبی اور ضلع وسطی کے بلڈروں سے بھتہ وصول کراتا تھا۔ ملزمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بلڈروں سے بھتہ وصول کرکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین کو دیتے تھے جو اس بھتہ کا 10 فیصد انہیں ادا کرتا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ایس بی سی اے افسران نے اپنے بیان میں اویس حسین کے پٹہ سسٹم کی تمام تفصیلات فراہم کی ہیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ اویس حسین پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین سے اپنے قریبی تعلقات کی وجہ سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں اپنا پٹہ سسٹم چلارہا تھا۔ ملزمان نے بتایا ہے کہ جس وقت انہیں پریڈی پولیس نے گرفتار کیا، اس وقت ان کے پاس ضلع جنوبی کے متعدد بلڈروں سے جمع کیا ہوا 40 لاکھ روپے کا بھتہ موجود تھا لیکن ان کی ایف آئی آر میں صرف ان سے 80 ہزار روپے کی برآمدگی ظاہر کی گئی ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر ضلع جنوبی آصف رضوی کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کیے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے ایس آئی یو ڈائریکٹر ضلع جنوبی آصف رضوی کو بھی مذکورہ مقدمے میں شامل تفتیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین اور بلڈنگ انسپکٹر ضیاء کالا بھی اپنی ضمانتیں کرانے کے بعد تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوئے ہیں اور انہوں نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے جبکہ پولیس نے تمام نامزد ملزمان کا سی آر او بھی کرالیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کے اعلیٰ افسران کی جانب سے پٹہ سسٹم مافیا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین اور اس کے گرفتار کارندوں کے خلاف میرٹ پر تفتیش کرنے کا کہا گیا ہے تاکہ ایس بی سی اے سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں