سندھ سرکار کا صوبائی اسمبلی نہ توڑنے کا حتمی فیصلہ
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار )پاکستان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی کی جانب سے اپنی نشستوں سے استعفے دینے کی اطلاعات موصول ہونے پر پیپلزپارٹی نے آج سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اہم فیصلے لیے جائیں گے۔ سندھ سرکار نے اسمبلیاں نہ توڑنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد صوبائی اسمبلی کی مدت مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے تصدیق کر دی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت صوبائی کابینہ کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایات دی گئیں ہیں جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کی سندھ اسمبلی کی کارروائیوں کو متاثر کرنے اطلاعات سامنے آنے پر آج سی ای سی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے جس میں اہم فیصلے لیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے وفاق میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بڑا اپ سیٹ کرنے کے بعد سندھ اسمبلی سے اپنے تمام اراکین اسمبلی کے استعفے طلب کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں روزنامہ جرأت کے رابطے پر پی ٹی آئی کے ایک رکن اسمبلی کا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ اس بابت پر مشاورت جاری ہے تحریک انصاف کے تمام منتخب رکن سندھ اسمبلی کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے جس کے تحت وہ اپنی نشستوں سے دستبردار ہونے کے لیے تیار ہیں انہیں پارٹی کے چیئرمین عمران خان کے اشارے کا انتظار ہے کسی بھی وقت وہ سندھ حکومت کو ایک اور سرپرائز دے سکتے ہیں۔