حکومت، پی ٹی آئی میں برف پگھلنا شروع ، 8 فروری کے بعد عمران خان سے ملاقاتیں شروع ہونے کااشارہ
شیئر کریں
اپوزیشن جن متنازع معاملات پر بات کرتی ہے وہ مل بیٹھ کر طے ہوسکتے ہیں، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری
احتجاج پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے مگرحکومت دکانیں اور اسکول بند ہونے نہیں دے گی،نجی ٹی وی سے گفتگو
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ 8 فروری کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران طارق فضل چوہدری نے انکشاف کیا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے، معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں جاکر ان سے ملاقات کریں گے، اس ملاقات کے لیے مرکزی کردار رانا ثناء نے ادا کیا ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن جن متنازع معاملات پر بات کرتی ہے وہ مل بیٹھ کر طے ہوسکتے ہیں، ان پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ 8 فروری کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، احتجاج پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے مگرحکومت دکانیں اور اسکول بند ہونے نہیں دے گی۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ڈی چوک کی سیاست اور احتجاج کا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا، کوئی حکومت انتشار اور خلفشار کی اجازت نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ کسی کو احتجاج کا آئینی حق استعمال کرکے شہریوں کا آئینی حق غصب کرنے نہیں دیں گے، شہری کاروبار اور بچے اسکول جائیں گے۔


