پیپلز پارٹی کا اگلے ماہ حکومت مخالف مارچ کا اعلان
شیئر کریں
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اگلے ماہ حکومت کے خلاف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے ‘پی ٹی آئی ایم ایف’ بجٹ ہم پر مسلط کیا گیا ہے مہنگائی میں اضافہ ہوگیا، آئندہ ماہ سے پورے ملک میں عوام دشمن عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) معاہدے کے خلاف مارچ شروع کریں گے ۔ کراچی کے علاقے لیاری میں لیاری ایکسپریس وے پر اربن فارسٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے بجٹ آیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری سمیت غربت میں اضافہ ہوا۔ اس حکومت کی ناکامی اور نالائقی ہی تھی جو آئی ایم ایف سے درست بات نہیں کر سکی۔ اس وجہ سے عوام مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ حکومت کو ملک اور عوام کے مفاد میں بات کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ آئی ایم ایف سے دوبارہ بات چیت کرے ، ہم اگلے ماہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف احتجاج کریں گے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور غریب کو اس کا حق دیا، روزگار دیا لیکن موجودہ حکومت نے ایک سال میں کچھ کیا ہو یا نہ کیا ہو عوام سے روزگار ضرور چھینا ہے ۔ پیپلز پارٹی نے تو مفت پاسپورٹ بنا کر بیرون ملک بھی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا مانتی ہے پہلا سوشل سیفٹی نیٹ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہم نے ایک سال میں دیا لیکن موجودہ حکومت اس پروگرام کو ختم کرنے پر لگی ہوئی ہے کبھی بے نظیر بھٹو کی تصویر تو کبھی نام ہٹا رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روزگار دیا اور آئندہ بھی دے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت شہروں میں جنگلات کو ضروری سمجھتے ہوئے لیاری سے منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں اور جلد ملیر میں بھی اس منصوبے کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سب جگہ کامیاب ہو گا مگر لیاری میں اس سے بڑے فائدے اور نوجوانوں کو مثبت کھیل کی ضروریات ملیں گی۔ لیاری میں فٹبال، باکسنگ سمیت سب حق ان کو دیں گے اس سے نوجوانوں کو فائدہ ہو گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لیاری کے فٹبال اسٹیڈیم میں موجود ادارے سے گزارش کرتے ہیں کہ اسٹیڈیم واپس دیا جائے تاکہ نوجوانوں کی سرگرمیوں کے لیے جگہ میسر آئے ۔انہوں نے کہا کہ عوام درخت لگانے میں ساتھ دیں یا صفائی ستھرائی میں ساتھ دیں ہم عوام کے شکرگزار ہوں گے ۔ یہ کراچی کی عوام کا منصوبہ ہے اور اس کے لیے عوام کو ہی کردار ادا کرنا ہو گا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 50 لاکھ گھروں اور نوکریوں کا وعدہ کیا لیکن ایک بھی گھر نہیں بنا بلکہ تجاوزات کے نام پر گھر گرادیے گئے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی عوام دشمن معاشی پالیسی ہے ۔اربن فاریسٹ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں میں زیادہ آلودگی اور مسائل ہوتے ہیں، یہ منصوبہ ملیر ندی کے اطراف میں بھی جلد شروع کیا جائے گا، ہم کم وسائل اور سازشوں کے باوجود ترقیاتی منصوبے شروع کررہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مہنگائی کا بوجھ غریب عوام اٹھا رہے ہیں۔ حکومت عوام کے معاشی حقوق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے ۔ عوامی حکومت بنانے کے لیے مجھے آپ کا ساتھ چاہیے ۔ انشا اللہ ہم عوامی حکومت بنا کر مسائل کو حل کریں گے ۔ ہم عوام کے معاشی حقوق کا دفاع کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بجٹ کے دوران ہی کہہ دیا تھا کہ یہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہے ۔ اس کی وجہ سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو اس کا جائز حق نہیں دے رہی لیکن کم وسائل اور سازشوں کے باوجود ترقیاتی منصوبے مکمل کریں گے ۔ ہم سب مل کر اربن فارسٹ منصوبے کو کامیاب بنائیں گے ۔اس موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے ہرایک شخص پر مہنگائی کا طوفان برپاہے ، ہمارے پاس گندم وافر مقدار میں تھی پھر بھی گندم درآمد کی جارہی ہے ۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر الزام سندھ حکومت پر ڈال دیا جاتاہے ، اب کورونا وائرس کا الزام بھی سندھ حکومت پر لاپرواہی کہہ کر ڈال دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کیخلاف سازشیں نئی نہیں ہیں،گندم ہویا شوگر کی قلت الزام سندھ حکومت پرعائد کیا جاتا ہے ، صحیح یا غلط آپ حکومت میں آگئے ہیں تو لوگوں کا تو خیال کریں۔