چین سے کورونا ویکسین منگوانے کیلئے وفاق رکاوٹ ہے، وزیراعلی سندھ
شیئر کریں
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چین سے براہ راست کورونا ویکسین منگوانا چاہتے ہیں لیکن وفاق رکاوٹ ہے۔کراچی میں طبی عملے کوویکسین لگاکرویکسی نیشن کے پہلے مرحلے کاآغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مشکل حالات میں ساتھ دینے پرچینی حکومت کے مشکورہیں، چین نے ہمیں کوروناویکسین کی5لاکھ خوراکیں دیں، حیدرآبادودیگرشہروں میں کوروناویکسین سینٹربنائے ہیں۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، بینظیر آباد میں سب سے زیادہ کیسز ہیں، 83 ہزار ویکیسن وفاق نے سندھ کے حوالے کی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ براہ راست چائنا سے ویکسین منگوائیں لیکن ہمیں وفاق کی جانب سے رکاوٹیں ہیں، وفاقی حکومت کی حکمت عملی سمجھ نہیں آرہی، ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر اسٹاف کی 1166 پر رجسٹریشن کا عمل مناسب نہیں ہے، 62 سے 63 ہزار خوراکیں کراچی کے لئے دی گئی ہیں ، نہیں معلوم ویکسین کس طریقہ کار کے تحت تقسیم کی جارہی ہے، ویکسینیشن کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ نے کورونا کے حوالے سے شروع سے ہی سخت اقدامات کئے ہیں جسے جاری رکھیں گے ، ایس اوپیز پر عملدرآمد کیا جائے، یہ مرض کا ہونا یا نہ ہونا آپکے ہاتھ میں ہے، جیسے جیسے ویکسین آئے گی مرحلہ وار ویکسینیشن ہوگی۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ویکسین کے عمل میں پاکستان کا نمبر 80 ہے، ہم سے پہلے 79 ملک نے ویکسین کا عمل شروع کردیا ہے،چین کے علاوہ کوئی بھی ملک پاکستان کی مدد کے لیے آگے نہیں بڑھا، پوری دنیا میں ویکیسن کے معاملے میں حکومتیں بہت زیادہ فعال کردار ادا کرررہی ہیں، بدقسمتی سے پاکستانی حکومت اس عمل میں اپنا کردار ادا نہیں کرسکی۔