میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وفاقی حکومت نے پاکستان آئزلینڈ اتھارٹی قائم کر دی

وفاقی حکومت نے پاکستان آئزلینڈ اتھارٹی قائم کر دی

ویب ڈیسک
هفته, ۳ اکتوبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو) وفاقی حکومت نے سمندری جزیروں پر رہائشی اور کاروباری منصوبے شروع کرنے کے لئے پاکستان آئزلینڈ اتھارٹی قائم کردی ہے، اتھارٹی سندھ اور بلوچستان کے ساحلی جزیروں پر منصوبے شروع کرے گی۔ جرات کو موصول ہونے والے دستاویز اور اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت کی وزارت میری ٹائم آفیرز کے ماتحت پاکستان آئزلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پیڈا) قائم کردی ہے، اتھارٹی کے چیئرمین کی تقرری کے لئے اشتہار جاری کیا گیا ہے، پیڈا چیئرمین کے لئے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر یا لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہونے کی شرط رکھی گئی ہے، اس کے علاوہ فنانس، بزنس ایڈمنسٹریشن، کامرس، انجینئرنگ، چارٹرڈ اکاؤنٹس میں ماسٹرز اور 15 سال تجربہ رکھنے والا کاروباری شخص بھی پیڈا چیئرمین لئے اہل ہوگا۔ وفاقی حکومت نے 18 ویں ترمیم کو بائی پاس کرتے ہوئے اتھارٹی قائم کی ہے، اتھارٹی قائم ہونے سے سمندر کے جزیروں پر ترقی کے حوالے سے سندھ اور بلوچستان حکومت کا اختیار ختم ہو گیا ہے۔ اتھارٹی سندھ اور بلوچستان کی سمندری حدود میں واقع جزیروں پر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مکمل خودمختیار ہوگی، جزائر پر رہائشی اور ترقیاتی منصوبوں میں سندھ اور بلوچستان حکومتوں کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کراچی کے ساحل پر واقع بھنڈار اور ڈنگی جزائر پر وفاقی حکومت کے اختیار کی مخالفت کرتی رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاملے پر خاموشی اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے وفاقی حکومت سے پیڈا کے حوالے سے معاملات طے کردیے ہیں اس لیے پی پی قیادت اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ خاموش ہیں۔ وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے حال ہی میں کہا تھا کہ حکومت سندھ بھنڈار اور ڈنگی جزائر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں