کراچی میں ڈینگی بے قابو ،76 کیس سامنے آ گئے محکمہ صحت نے تصدیق کردی
شیئر کریں
ضلع سینٹرل میں ڈینگی کے 27 کیس ظاہر جبکہ ضلع شرقی اور جنوبی میں 19۔19 کیس سامنے آئے ہیں
بارشوں کے بعد کراچی میں گندگی و آلودگی کی وجہ سے شہری ڈینگی وائرس میں مبتلا ہونے لگے ہیں،رپورٹ
کراچی ( ہیلتھ رپورٹر ) کراچی میں ڈینگی بے قابو ہونے کے باعث 24 گھنٹوں میں 76 کیس سامنے آگیا، سب سے زائد ضلع سینٹرل متاثر، محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کردی، ماہر ڈاکٹرز کی جانب سے خطرناک ڈینگی وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر علاج کروانے کا مشورہ۔ رپورٹ کے مطابق مون سون کی بارشوں کے بعد کراچی میں گندگی و آلودگی کی وجہ سے شہری ڈینگی وائرس میں مبتلا ہونے لگے، محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے تمام 7 اضلاع میں ایک دن میں ڈینگی کے 76 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ضلع سینٹرل میں ڈینگی کے 27 کیس ظاہر جبکہ ضلع شرقی اور جنوبی میں 19۔19 کیس سامنے آئے ہیں، ملیر میں 5، کورنگی میں 4 جبکہ ضلع غربی اور کیماڑی میں ایک ایک ڈینگی کا کیس رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی میں مزید 76 کیس ظاہر ہونے سے رواں برس میں ڈینگی کیسز کا تعداد 2280 ہوگیا ہے۔ ماہر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ڈینگی بخار کی علامات اکثر معتدل ہوتی ہیں، تاہم شدید بیماری کی صورت میں ڈینگی بخارانتہائی خطرناک اور ممکنہ طور پر جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، ڈینگی فلو جیسی علامات کا سبب بنتا ہے جو اکثر 7-2 دن تک مریض کو متاثر کرتی ہیں۔ مریض کو بخار ڈینگی کے مچھر کے کاٹنے کے 10-4 دن کے درمیان ہوتا ہے، ڈینگی کی کوئی شدید علامات ظاہر ہوں تو ہسپتال میں داخل ہونا ضروری ہے، پیٹ میں شدید درد، مسلسل قے آنا، سانس کے مسائل، مسوڑھوں یا ناک سے خون بہنا، قے میں خون کی موجودگی اور بے چینی یا تھکاوٹ ڈینگی کی علامات میں شامل ہیں۔