جعلی اکاؤنٹس کیس مرکزی ملزم انور مجید کی ضمانت منظور
شیئر کریں
سپریم کورٹ نے جعلی اکاونٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کو دس کروڑ روپے کی بنک گارنٹی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کر لی جبکہ عدالت عظمیٰ نے انور مجید کا پاسپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انور مجید کو نیب حکام سے تفتیش میں تعاون کر نا ہوگا، عدم تعاون پر انور مجید کی ضمانت خارج کر دی جائیگی۔بدھ کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دور ان سماعت عدالت عظمیٰ نے جعلی بینک اکاونٹس کے ملزم انور مجید کو ضمانت دیتے ہوئے کہاکہ ملزم کا نام ای سی ایل پر رہے گا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ نیب تفتیش میں تعاون جاری رکھا جائے۔ انہوںنے کہاکہ بنک گارنٹی کی رقم ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ کے پاس جمع کرائی جائے۔عدالت عظمیٰ نے 10 کروڑ کی بنک گارنٹی جمع کرانے کا حکم دیا ۔ سپریم کورٹ نے کہاکہ ملزم کا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرایا جائے۔ عدالت نے کہا کہ جعلی اکائونٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کو طبی بنیادوں پر ضمانت دی گئی ۔ عدالت نے انور مجید کو نیب حکام سے تفتیش میں تعاون کا حکم بھی دیدیا۔ سپریم کورٹ نے کہاکہ نیب سے عدم تعاون پر انور مجید کی ضمانت خارج کر دی جائے گی۔ دور ان سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ضمانت کا کیس دو رکنی بینچ نہیں سن سکتا۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ دو رکنی بینچ ضمانت کا کیس سن سکتا ہے۔ وکیل انور مجیدمنیر اے ملک نے کہاکہ طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی ہے۔ منیر اے ملک نے کہاکہ میرا موکل مختلف بیماریوں کا شکار ہے،میرے موکل کی سرجری پاکستان میں ہونے سے جان کو خطرہ ہوگا۔ منیر اے ملک نے کہاکہ شریک ملزم کو ضمانت مل چکی جبکہ انور مجید دو سال سے جیل میں ہیں۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ بیمار شخص کو ضمانت ملنی چاہئے مگر ملک میں رہ کر علاج کرائیں۔ انہوںنے کہاہک نیب کا سیاسی ملزمان سے رویہ دوسرے ملزمان سے الگ ہے۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ نیب کا رویہ سیاسی ملزمان سے الگ نہیں ہونا چاہئے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ انور مجید پہلے دن سے این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ این آئی سی وی ڈی ملک کا سب سے بہترین ہسپتال ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزم کیخلاف 15 انکوائریاں اور 4 ریفرنسز چل رہے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ 4 ارب سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ پرانی میڈیکل رپورٹس پر ضمانت مانگی جارہی ہے۔ منیر اے ملک نے کہاکہ ہم نے نئے گراونڈز پر ضمانت کی درخواست دی۔ انہوںنے کہاکہ آصف علی زرداری کو ایک کروڑ روپے کے عوض ضمانت دی گئی۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ انکی بات نہ کریں آصف علی زرداری کو چھوڑیں۔عدالت عظمیٰ نے نیب پراسیکوٹر کی میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا مسترد کر دی۔