میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
معروف اداکار افضال احمد انتقال کر گئے

معروف اداکار افضال احمد انتقال کر گئے

جرات ڈیسک
جمعه, ۲ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے نامور اداکار افضال احمد علالت کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔ جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق افضال احمد کو برین ہیمریج کے باعث یکم دسمبر کو ہسپتال لایا گیا تھا، سینئر اداکار مختصر علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے، اداکار افضال احمد کی تدفین ہفتہ کوہو گی، ان کی بہن نے امریکا سے آنا ہے جبکہ ان کی تین بیٹیاں ہیں جو بیرون ملک رہائش پزیر ہیں۔ واضح رہے کہ نامور اداکار افضال احمد جھنگ کے سید گھرانے میں پیدا ہوئے، انہوں نے ایچی سن سے تعلیم حاصل کی۔ افضال احمد گزشتہ 21 برس سے فالج کے مرض میں مبتلا وہیل چیر تک محدود تھے، انہوں نے اشفاق احمد کے ڈرامے اچے برج لاہور دے (کارواں سرائے) میں صرف 18 برس کی عمر میں 50 سالہ بوڑھے کا کردار ادا کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ اداکاری کے شوقین افضال احمد نے اپنے 35 سالہ کیریئر کے دوران اردو، پنجابی، پشتو فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے اپنی بہترین اداکاری کے جوہر کے باعث 90 کی دہائی میں خوب شہرت کمائی، اداکار افضال احمد اور قوی خان کی جوڑی نے شہرت حاصل کی، وہ افضال چٹہ کے نام سے مشہور تھے ، انہوں نے جزیرہ، چل سو چل سمیت متعدد ڈراموں اور 200 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں شعلے، شریف بدمعاش، وحشی جٹ، عشق نچاوے گلی گلی اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔ افضال احمد کو فالج کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد زبان پر لقوہ پڑ گیا جس کے باعث وہ قوت گویائی سے محروم ہو گئے اور معذوری کے باعث وہیل چیئر پر آگئے تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں