اپوزیشن 9 مئی کی معافی مانگنے پر تیار نہیں تو رونا دھونا جاری رہیگا، بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن 9 مئی کی معافی مانگنے پر تیار نہیں تو ان کا رونا دھونا جاری رہے گا۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کا لیڈر رو رہا ہے اور کہہ رہا ہے مجھے نکالو، مجھے نکالو، یہ انگلی کٹا کر ایک رات جیل میں گزار کر پاکستان کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہیں۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ بہادر خان صاحب جیل میں تنگ آچکے ہیں، اس کا رونا دھونا تھا، یہ حقیقی آزادی نہیں، تحریک آزادی نہیں، لیڈر کا رونا دھونا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر میں صرف اپنا اور چیئرمین کا رونا دھونا تھا، بطور قائد حزب اختلاف اس کی ذمے داری عوامی مسائل پر بات کرنا تھی لیکن اس پر بات ہی نہیں کی گئی، اپوزیشن لیڈر نے یہ ذمے داری پوری نہیں کی، اگر اپوزیشن صرف اپنا ہی رونا دھونا کرتی رہے گی تو قومی مسائل کا حل نہیں نکلے گا، اپوزیشن اپنے ایشو کو ترجیح دیتی ہے ، قومی ایشو کو ترجیح نہیں دیتی۔پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے غیر سنجیدہ رویے پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں، بقول ان کے آئین کی بالا دستی، حقیقی آزادی اور قانون کی بالادستی کی بات کر رہے ہیں، اگر بات کرنی تو صرف افواج اور اسٹیبلشمنٹ سے کرنی ہے ، یہ نہ جمہوریت میں دلچسپی رکھتے ہیں نہ آئین کی بالادستی میں دلچسپی رکھتے ہیں، یہ اپنے ذاتی ایشو میں دلچسپی رکھتے ہیں، جمہوریت کو مضبوط کرنا نہیں چاہتے ، ذاتی مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں کس کا پاؤں پکڑنا پڑے گا، سیاستدانوں سے بات کرنے سے انکار کر رہے ہیں، یہ کہہ رہے ہیں مداخلت نہ کرو، لیکن انہی کے پاؤں پکڑ کر زبردستی مداخلت کروارہے ہیں، یہ پاکستان کے عوام، جمہوریت اور پارلیمان کے ساتھ منافقت ہے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا قصور کیا ہے ، اس مرتبہ پھر ایسا چیف منسٹر دلا دیا، خیبر پختونخوا کو جو تحفہ دیا ہے ، ڈرامے باز ہے ، یہ سمجھتے ہیں وزیراعلیٰ انہوں نے بنایا ہے ، اصل میں کسی اور نے بنایا ہے ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہر روز ہوائی فائرنگ کرتا ہے ، گورنر کے خلاف بیان دو، خان کو بھی خوش رکھنا ہے اور سی ایم بھی رہنا ہے ۔