میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دنیا میں قیام امن کیلئے کشمیر ، فلسطین کاحل ضروری ہے ،شاہ محمود قریشی

دنیا میں قیام امن کیلئے کشمیر ، فلسطین کاحل ضروری ہے ،شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک
پیر, ۲ اگست ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے، دنیا میں قیام امن کیلئے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو حل کرنا ہوگا،عمران خان کشمیر ،فلسطین بلکہ مسلم امہ کے سفیر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں،آزاد کشمیر کی عوام نے تحریک انصاف کو کشمیری عوام کا بھر پور موقف اجاگرکرنے پر بھاری مینڈیٹ سے نوازا، جس پر ان کے شکر گزار ہیں،پی پی کے پاس آزاد کشمیرکے 45حلقوں کے امیدوار ہی نہیں تھے وہ کس منہ سے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں؟ہارنے کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانا پی پی (ن )لیگ کا وطیرہ ہے،سندھ حکومت کو چاہئے کہ این سی او سی سے مشاورت کے بعد متفقہ لائحہ عمل طے کرے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ باتیں گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماء شیخ واجد شوکت کی جانب سے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری ،چودھری خالد جاوید وڑائچ ،مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ،شیخ بشار ت، فخرالسلام ڈوگر داد مکی،مسعود مغل، حبیب اللہ ظفر، عبدالرئوف ،طاہر حمید قریشی ،سید بابر شاہ ،ملک معاویہ ،عبدالوہاب خان اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت نے 5اگست کو بھر پور طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم پاکستان 5اگست کو آزاد کشمیرجانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں وزیراعظم پاکستان مظلوم کشمیریوں سے نہ صرف اظہار یکجہتی کریں گے بلکہ کشمیر کے اوپر دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کیلئے ایک بار پھر آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت 63سال بعد مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں دوبارہ زیر بحث آیا۔ یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے۔ 63سال میں کسی حکومت نے کشمیریوں کی آواز اتنی موثر اجاگر نہیں کی جتنی تحریک انصاف کی حکومت نے ان اڑھائی سال میں بلند کی ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں