حب ڈیم سے شہرکوپانی کی سپلائی لائن ٹینکرمافیاکی کمائی کاذریعہ بن گئی
شیئر کریں
(رپورٹ: جوہر مجید شاہ) مینیجنگ ڈائریکٹر ادارہ فراہمی و نکاسی آب اسد اللہ شیخ اور انچارج اینٹی تھیفٹ سیل راشد صدیقی کی پانی مافیا کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری، جبکہ دوسری جانب شہریوں کے پانی پر ڈاکہ زنی کا عمل جاری ہے۔ پانی و ٹینکر مافیا کی مشترکہ ملی بھگت سے آج بھی کروڑوں کی پانی چوری کا غیرقانونی دھندا دھڑلے سے جاری ہے۔ یاد رہے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کی کرپٹ مافیا کی ملی بھگت سے ایک جانب گڈاپ ، بن قاسم ودیگر جگہوں پہ واٹر بورڈ کی مین لائنوں سے لاکھوں کروڑوں گیلن پانی چوری کا سلسلہ جاری تھا جس کے خلاف ادارے نے بھرپور کارروائیاں بھی کیں، مگر اب پانی مافیا نے نیا طریقہ نکال لیا حب ڈیم سے شہر کو سپلائی کیا جانے والا پانی ٹینکر مافیا کیلئے لاکھوں کروڑوں کمانے کا ذریعہ بن گیا گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ٹینکروں کے ذریعے پانی چوری کی تصاویر وائرل ہونے پر واٹر بورڈ انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں حب سے آنے والی 33 انچ قطر کی پائپ لائن سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی سپلائی کی جاتی ہے، لیکن ٹینکر مافیا نے واٹر بورڈ اور پولیس کی ملی بھگت سے اس لائن سے پانی چوری کرنے کے لیے نیا طریقہ ڈھونڈلیا ہے، پانی چور مافیا کی جانب سے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے یوسف گوٹھ میں لائن کا پانی چوری کرکے غیرقانونی طور پر بنائے گئے گڑھوں میں جمع کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہے کہ واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے اس لائن میں سوراخ لائن توڑی گئی ہے اور یہاں سے پانی چوری کرکے ٹینکرز مافیا کو فروخت کیا جاتا ہے۔ پائپ لائن سے پانی چوری کرنے کے لیے زمین میں 20 فٹ تک گڑھے کیے گئے ہیں اور پھر سکشن پمپس کی مدد سے پانی چوری کیا جاتا ہے۔ پولیس اہلکار بھی اس غیر قانونی دھندے میں ملوث ہیں اور مختلف مقامات پر قائم پولیس چوکیاں ان ٹینکرز سے 400 روپے تک بھتہ وصول کرتی ہیں، یہاں سے بھرے ہوئے ٹینکرز بلدیہ ٹاؤن اور سعیدآباد کے علاقوں میں 2 سے 3 ہزار روپے میں فروخت کیے جاتے ہیں، تاہم انتظامیہ نے اس سارے معاملے پر چپ سادھ رکھی ہے۔ مختلف سیاسی سماجی مذہبی جماعتوں اور شخصیات نے سپریم کورٹ وزیر اعلیٰ سندھ گورنر سندھ وزیر بلدیات سمیت تمام تحقیقاتی اداروں سے اٹھائے گئے حلف اور اپنے فرائض منصبی کے مطابق سخت ترین قانونی و محکمہ جاتی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔