نئے بھارتی آرمی چیف کا غیر ذمہ دارانہ بیان مسترد
شیئر کریں
پاکستان نے نئے بھارتی آرمی چیف کے ”قبل از وقت حملوں”کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام پر سخت جواب دیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عزم اور تیار ی کے بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے ، بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام پر سخت جواب دیا جائے گا، پاکستان آزاد کشمیر کے اندر کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور بالا کوٹ میں بھارتی کارروائی کے نتیجے میں پاکستان کے رد عمل کو یاد رکھنا چاہئے ، بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پا کستان خطے میں امن اور سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کررتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارِ کرتا ہے اور کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈائون کو5 ماہ ہو گئے ، مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول پر لانے کے دعوئوں کی ساکھ نہیں ہے ،حکام متحدہ قومی سلامتی کونسل کی قراردادوںکے مطابق معاملہ حل کرے جبکہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر بھی آواز بلند کرتا رہے گا۔ترجمان نے کہا کہ سینئر کشمیر ی قیادت خاص طور پر چھوٹے بچوں کو رہا کیا جائے ، ترجمان کا کہنا تھا کہ 80 لاکھ کشمیری 9 لاکھ فوج کے ہاتھوں بدترین لاک ڈان کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں صورت حال معمول پر آنے کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے ۔9 لا کھ سکیورٹی اہلکاروں کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے نکالا جائے اور بھارت جھوٹے آپریشن کی بجائے اپنے اندرون مسائل پر قابو پائے ۔ترجما ن نے اپیل کی کہ بھارت کا چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں عالمی مبصرین کو جانے کی اجازت دے اور وہاں بھارتی جبر کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔