اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان، سہولت کاروں کی شناخت کر لی، بریگیڈیئر (ر)حارث نواز
شیئر کریں
نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا ہے کہ کراچی میں سٹریٹ کرائم کے حوالے سے ہم نے ملزمان اور کرائم میں سہولت کاری کرنے والوں کی شناخت کر لی ہے۔ نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ پکے کے ڈاکو ہوں یا کچے کے، وہ ڈاکو ہی ہیں، کراچی میں اسٹریٹ کرائم سے کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کچے کے چار حساس علاقوں میں گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد اورشکار پور ہیں، کچے کے علاقے میں ہم انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کریں گے، ایسا نہیں کریں گے کہ پورے کچے میں آپریشن شروع کر دیں، آپریشن کے ذریعے کلیئر میسج دیں گے کہ کوئی گورنمنٹ کی رٹ کو چیلنج نہیں کرسکتا۔نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات کے حوالے ہم نے اساتذہ کو کہا کہ لوگوں کو لیکچر دیں، منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، کراچی کو امن کا گہوارہ بنانا ہے کراچی سے منشیات کو ختم کرنا ہے، ہماری گورنمنٹ میں نہ کوئی سسٹم چلے گا نہ کوئی سیاسی مداخلت ہوگی۔بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ ہماری مسلح افواج میں احتساب کا پراسز بہت سخت ہے، مسلح افواج میں ایک تھری سٹار کو جیل ہوئی ہے، جن لوگوں نے کرپشن کی ہے ان کے خلاف کارروائی ہوگی، جو قانون کو ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک الیکشن نہیں ہوتے ہم اپنا کام کر رہے ہیں، جب الیکشن کمیشن اعلان کر دے گا تو ہم صاف اور شفاف الیکشن کروائیں گے، کوشش کی ہے کہ حکومتی اداروں میں اچھے لوگوں کو لگائیں۔