سابق حکومت کی ناکام پالیسیوں نے قومی معیشت کابیڑاغرق کردیا،بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک مزدوروں کے حالات نہیں بدلیں گے، ملک میں پائیدار ترقی کا خواب نامکمل رہے گا۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کے تمام محنت کش طبقات کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں محنت کشوں کے حقوق تسلیم کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے ہمیشہ اگلی صفوں میں رہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریئے و منشور کی اساس محنت کشوں کی بھبود و ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا پیش کردہ 1973ع کا آئین محنت کشوں کو منصفانہ اجرت، ان کی جانوں کی حفاظت اور روزگار دینے والوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے پیش کردہ لیبر پالیسی آج بھی ملک کے مزدوروں کے حقوق کے لیئے کسوٹی کا درجہ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر امپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم (BESOS)، 2013ـ18 کے دوران حکومت سندھ کی پیش کردہ پہلی صوبائی سہ فریقی مزدور پالیسی،اور بے زمیں کاشتکاروں کو زرعی قطعات کا مالک بنانا عوامی حکومتوں کی جانب سے کیئے گئے دیگر بیشمار میں سے چند اقدامات ہیں۔ پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ نے موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے ماہانہ کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ سلیکٹڈ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے قومی معیشت کی سانسیں اْکھڑ چکی اور غریبوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔ ایسے مشکل حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ اور انہیں رلیف دلوانے کے لیئے میدان میں کھڑی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے تمام مزدوروں اور ٹریڈ یونینز کو یقین دلایا ہے کہ ان کی جماعت شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے کی پیروی کرتے ہوئے، پاکستان کے محنت کشوں کی وکیل اور محافظ کا کردار نبھاتی رہے گی۔