الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 43 اراکین قومی اسمبلی ڈی نوٹیفائی کر دیے
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرتے ہوئے انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کے لیے معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوایا تھا۔ پی ٹی آئی اراکین کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم سے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینینشن محمد ناصر خان نے جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے 22 جنوری کو منظور کیے تھے۔ جن اراکین کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں انور تاج، محمد یعقوب شیخ، گل ظفر خان، جواد حسین، میجر (ر) طاہر صادق، ذوالفقار علی خان، حاجی امتیاز احمد چودھری، ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ، رضا نصراللہ گھمن، محمد ریاض خان فتیانہ، محمد محبورب سلطان، محمد امیر سلطان، راحت امان اللہ بھٹی، رائے محمد مرتضیٰ اقبال، میاں محمد شفیق، چودھری جاوید اقبال وڑائچ ، محمد شبیرعلی قریشی، نیاز احمد جکھڑ، خواجہ شیراز محمود، سردار محمد خان لغاری، سردار نصر اللہ خان دریشک، منزہ حسن، ڈاکٹر سیمی عبدالرحمان بخاری، ثوبیہ کمال خان، نوشین حامد، روبینہ جمیل، فوزیہ بحرام، رخسانہ نوید، تاشفین صفدر، صائمہ ندیم،غزالہ سیفی، نصرت وحید، نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، ساجدہ بیگم، نورین فاروق خان، عظمیٰ ریاض، ظل ہما، شاہین ناز سیف اللہ، لال چند، شنیلہ رتھ، جئے پرکاش اور جمشید تھامس شامل ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اب تک پی ٹی آئی کے 123 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کر چکا ہے جبکہ منحرف اراکین کے علاوہ صرف 2 اراکین قومی اسمبلی میں باقی رہ گئے، دو اراکین کے استعفے ان کی چھٹی کے درخواست کے باعث منظور نہیں کیے گئے۔