میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جنگ زدہ عراق خواتین کے لیے یورپی ملک سوئیڈن سے زیادہ محفوظ‘ایوارڈیافتہ مغربی خاتون صحافی کا اعتراف

جنگ زدہ عراق خواتین کے لیے یورپی ملک سوئیڈن سے زیادہ محفوظ‘ایوارڈیافتہ مغربی خاتون صحافی کا اعتراف

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۰ مارچ ۲۰۱۷

شیئر کریں

موصل میں موجود ایک دوسری خاتون رپورٹرنے بھی میگڈا کی ٹویٹ کی توثیق کردی
اسٹاک ہوم میں کسی بھی خاتون کو سرِعام دبوچ لیے جانے کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں،میگڈاگیڈ
عدل طباطباعی
عراق کے شہر موصل سے جنگ کی رپورٹنگ کرنے والی خاتون رپورٹر میگڈا گیڈ نے اعتراف کیاہے کہ جنگ زدہ عراق میں خواتین سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم سے زیادہ محفوظ ہیں۔ایوارڈ یافتہ جنگی رپورٹر کا کہناہے کہ موصل جیسے شہر میں جہاں داعش کا اثر ورسوخ بہت زیادہ ہے، خواتین پر تشدد کی شرح سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
میگڈا گیڈ نے عراق سے اپنی ایک ٹویٹ میںدعویٰ کیا ہے کہ میں موصل میں ہوں اوریہاں حجاب نہ پہننے پر خواتین کو کسی تعزیر کاسامنانہیں کرنا پڑتاہے اورگھر سے باہرنکلنے والی خواتین اسٹاک ہوم کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہیں۔
بریٹ بارٹ ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق میگڈا کی ٹویٹ کے بعد موصل میں ایک دوسری رپورٹرسے یہ سوال کیاگیا کہ کیا آپ میگڈا کے اس خیال سے متفق ہیں اور خود کو عراق میں اسٹاک ہوم سے زیادہ محفوظ تصور کرتی ہیں تو انہوںنے جواب دیا کہ بالکل ایسا ہی ہے۔
میگڈا گیڈ کا کہناہے کہ اسٹاک ہوم میں اختتام ہفتہ عراق میں کسی بھی رات کے مقابلے میں خواتین کے لیے بہت زیادہ بھیانک ہے ، انہوں نے ایک فیس بک صارف آندریس انگلیونڈ کے جواب میں کہا کہ سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں کسی بھی خوبصورت خاتون کو بھرے بازار میں دبوچ لیے جانے کے خدشات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ایک دوسری ٹویٹ میں ایوارڈ یافتہ خاتون صحافی نے کہا کہ عراق جنگ کے باوجود بہت زیادہ پرسکون ملک ہے۔
میگڈا گیڈ نے لکھاہے کہ عراق میں جو علاقے جنگ سے متاثرہ نہیں ہیں وہ بہت ہی زیادہ پرسکون ہیں اور جب آپ سڑک پر چل رہی ہوں تو کوئی آپ کو نہیں گھورتا۔
عراق میں جنگ سے متعلق رپورٹنگ اورسوشل میڈیا کٹیگری کے بہترین استعمال پر میگڈا گیڈ کو آئی این ایم اے گلوبل میڈیا ایوارڈ کے لیے نامزدکیاگیاہے۔جہاں ان کا مقابلہ امریکی ٹی وی چینل این بی سی کے صحافی سے بھی ہے۔
میگڈا گیڈ ایک نیوز سائٹ بلینک اسپاٹ پراجیکٹ کی بانیوں سے بھی ہیں۔ یہ نیوز سائٹ ایسی جگہوں سے رپورٹنگ کرتی ہے جن کے بارے میں لوگ بہت کم جانتے ہیں اور جہاں کی رپورٹیں بہت کم منظر عام پر آتی ہیں۔
جہاں تک سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میںلاقانونیت کی صورتحال کا تعلق ہے تو اس کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ گزشتہ دنوں سوئیڈن کے وزیراعظم نے امریکا کے نئے صدر کے اس بیان پر کہ بڑے پیمانے پر تارکین کی آمد سے تشدد ، فسادات وغیرہ جیسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے شدید تنقید کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کی جانب سے ان واقعات کو تارکین سے جوڑنے کو غلط اور تصوراتی قرار دیا تھا لیکن ابھی وہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر تنقید کے تیر برسانا ختم بھی نہیں کرپائے تھے کہ اسٹاک ہوم کے نواحی علاقے میں بڑے پیمانے پر فسادات اور تشدد پھوٹ پڑنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ یہ فسادات ایک ایسے علاقے میں پھوٹ پڑے تھے جہاں تارکین کی اکثریت رہتی ہے۔فساد زدہ علاقے میں موقع پر موجود ایک صحافی کے مطابق ان فسادات کے نتیجے میں متعدد کاریں نذر آتش کردی گئیں،دکانیں لوٹ لی گئیں، اور اسٹاک ہوم کایہ نواحی علاقہ جنگ زدہ علاقے کی تصویر پیش کرنے لگا۔
عراق کے شہر موصل سے انعام یافتہ جنگی رپورٹر کی یہ رپورٹ دو اعتبار سے اہمیت رکھتی ہے اول یہ کہ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ عراق میں حالات اتنے زیادہ دگرگوں نہیں ہیں جتنے امریکی اور برطانوی خبر رساں ادارے اور فوجی قائدین اسے پیش کررہے ہیں، اور جس کی بنیاد پر وہ اپنی حکومتوں سے مزید فوجی اورجنگی سازوسامان اور وسائل کی فراہمی کامطالبہ کرتے رہتے ہیں ، اور دوسری اہم بات یہ ہے کہ سوئیڈن کا دارالحکومت اسٹاک ہوم جسے یورپی ممالک میں نسبتاً زیادہ پرسکون شہر تصور کیاجاتاہے، اتنا زیادہ پرسکون نہیں ہے جتنا اسے ظاہر کیاجاتاہے، اور اسٹاک ہوم جیسے پرسکون ظاہر کیے جانے والے شہر میں بھی خواتین شام ڈھلے گھر سے باہر نکلتے ہوئے خوف کاشکار رہتی ہیں اور اسٹاک ہوم جیسے شہر میں بھی خواتین مردوں کے تشدد کا شکار ہوتی رہتی ہیں۔
میگڈا گیڈ کی عراق کے جنگ زدہ شہر موصل سے بھیجی گئی یہ رپورٹ امریکی برطانوی اور دیگر یورپی ممالک کے منہ پرایک طمانچہ کی حیثیت رکھتی ہے ، اور اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد اب انہیں دیگر اسلامی ممالک پر خواتین سے امتیازی سلوک برتنے کاالزام لگانے اور ان سے خواتین سے منصفانہ اور مساوی سلوک کرنے کے مطالبات کرنے کے بجائے خود اپنے معاملات درست کرنے اور خواتین کے تحفظ کے انتظامات کو زیادہ بہتر بنانے پرتوجہ دینی چاہیے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں