عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ آج سنایا جائیگا
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور درخواست گزاروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ (آج) جمعہ کو دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔الیکشن کمیشن سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ (آج) جمعہ کو دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر فریقین کو جاری نوٹس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مقرر سماعت میں ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے مذکورہ وقت پر پیش ہوں۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کیس کے فیصلے موقع پر ہنگامی بنیاد پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کے نام خط میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں سماعت کے دوران کمیشن کے اندر اور اطراف میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے جو 21 اکتوبر 2022 کو صبح 10 بجے شروع ہوگی۔آئی جی کے نام خط میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار اور مدعا علیہان کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں اور اس دوران کسی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے پورے دن الیکشن کمیشن کی عمارت کے اندر اور باہر سادہ لباس میں دو اہلکاروں اور ایک ٹریفک وارڈن سمیت فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔خط میں واضح کیا گیا کہ اس معاملے کو انتہائی ہنگامی بنیاد پر لیا جائے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دائر توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ 19ستمبر کو محفوظ کیا تھا۔سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے وکیل خالد اسحق نے مؤقف اپنایا تھا کہ ریفرنس میں سوال عمران خان کی جانب سے تحائف ظاہر نہ کرنے کا تھا اور عمران خان نے جواب میں تحائف کا حصول تسلیم کیا ہے اور یہ بھی تسلیم کیا کہ تحائف گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمراں اتحاد کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت دائر کیے جانے والے ریفرنس میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔