کے الیکٹرک کے لیے بجلی فی یونٹ 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری
شیئر کریں
نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔ نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں کے الیکٹر کی فیول ایڈجسمنٹ سماعت کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کردیا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔ نیپرانے کہا کہ کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔ نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے، جبکہ کے الیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔ سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے کیا کر رہی ہے جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کے الیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کے لیے اپنے اقدامات ریگولیٹر کو بتائے۔ اس دوران نیپرا کے افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔