فتنہ خان کیخلاف کارروائی کرنے پرخوداپنی حکومت سے شاکی ہوں فضل الرحمن
شیئر کریں
عمران خان انٹرنیشنل
اور امپورٹڈ چور ہیں
جو بل شریعت کی خلاف ہے، ہم اس کے خلاف ہوں گے،جو ترامیم پیش کی گئی ہیں ،اگر قرآن و سنت کے خلاف ہوئی تو قبول نہیں کریں گے
عمران خان ختم ہوچکا ہے، اس کی سیاست نمٹ چکی ہے، نہ ہم ان سے مرعوب ہیں، آرمی چیف کاتقرروزیراعظم ہی کریں گے،میڈیا سے گفتگو
لاڑکانہ (نیوز:ایجنسیاں)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام (ف)) سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان انٹرنیشنل اور امپورٹڈ چور ہیں لہذا ان کا محاسبہ ہونا چاہیے، لیکن میں خود اپنی حکومت سے شاکی ہوں کہ ابھی تک ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوسکی، آخر وہ ایسے مجرم کو اتنی ڈھیل کیوں دے رہے ہیں۔ جو بل شریعت کی خلاف ہے، ہم اس کے خلاف ہوں گے۔ جو ترامیم دوستوں نے پیش کی ہے، اگر قرآن و سنت کے خلاف ہوئی تو قبول نہیں کریں گے۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ نے لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو متنازع بنانے کی کوشش کی اور اگر بالفرض کوئی ملاقات ہوئی بھی ہے تو اس کا معنی یہ ہے کہ وہ بے نتیجہ ثابت ہوئی ہے۔انہوںنے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی فوج، الیکشن کمیشن، پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت ہر ادارے پر حملہ کر رہے ہیں، کس ادارے کو انہوں نے معاف کیا ہے، اگر ادارہ ان کے حق میں چلتا ہے اور ان کے حق میں فیصلے دیتا ہے تو پھر وہ بڑا انصاف والا ادارہ ہے، اگر ادارہ ان کے خلاف فیصلہ دیتا ہے تو وہ غدار بھی ہوجاتے ہیں اور نجانے وہ کن کن القابات سے نوازتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں ایک بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان ختم ہوچکا ہے، اس کی سیاست نمٹ چکی ہے، نہ ہم ان سے مرعوب ہیں، نہ ان کو ہم یہ حق دینا چاہتے ہیں کہ وہ آرمی چیف کے تقرر میں کسی قسم کی مداخلت کریں، آئین کے تحت یہ جس کی ذمہ داری ہے وہی ادا کرے گا، میرٹ کی بنیاد پر ادا کرے گا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان حکومت سے پوچھنے والے ہوتے کون ہیں کہ آرمی چیف کا تقرر کس نے کرنا ہے، کیا یہاں کوئی نظام نہیں ہے، کیا یہ کوئی ملک اور ریاست نہیں ہے، ہم انہیں واضح طور پر بتا دینا چاہتے ہیں کہ تم لاکھ چیخو، لاکھ چلا اور تڑپو، جو ہوگا آئین کے مطابق ہوگا، وزیر اعظم کا اختیار ہے تو وہی فیصلہ کرے گا، پارلیمنٹ، عدالت، الیکشن کمیشن کا اختیار ہے تو وہ فیصلے کرتے جائیں گے اور آپ کی چیخ و پکار ان پر اثر انداز نہیں ہوسکے گی۔پنجاب میں مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف درج مقدمات کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خود کمزور ہے اور شاید وہ پلٹ جائے گی۔انہوںنے کہا کہ عمران خان انٹرنیشنل اور امپورٹڈ چور ہیں لہذا ان کا محاسبہ ہونا چاہیے لیکن میں خود اپنی حکومت سے شاکی ہوں کہ ابھی تک ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہو سکی، وہ ایسے مجرم کو اتنی ڈھیل کیوں دے رہے ہیں کہ جس نے پاکستان کے شریف سیاستدانوں کو ذلیل و رسوا کیا۔