عمران خان کے بیان پرفوج میں غصہ
شیئر کریں
آرمی چیف کی تعیناتی کا آئین میں واضح طریقہ کار موجود ،ا س عہدے کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوس ناک عمل ہے،عمران خان کے انتہائی غیر ضروری بیان پر پاک آرمی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ، آئی ایس پی آر
پاک فوج کی سینئر لیڈر شپ کی اہلیت اور حب الوطنی، ان کی دہائیوں پر محیط بے داغ اور شاندار عسکری خدمات سے عیاں ہے،پاکستان آرمی، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے ،اعلامیہ جاری
راولپنڈی(نیوز:ایجنسیاں) ترجمان پاک فوج نے تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیز اور انتہائی غیر ضروری بیان پر پاکستان آرمی میں شدید غم و غصہ ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوس ناک ہے جبکہ پاک فوج قوم کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے اس کے باوجود سینئر سیاست دانوں کی جانب سے اس عہدے کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوس ناک عمل ہے، پاک فوج کی سینئر لیڈر شپ کی اہلیت اور حب الوطنی، اْن کی دہائیوں پر محیط بے داغ اور شاندار عسکری خدمات سے عیاں ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش اور آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقہ کار کو متنازع بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاک فوج کے مفاد میں ہے، پاکستان آرمی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے۔