جس نے بھی مراسلہ بنایا اور پلاننگ کی اس نے عمران کو ہیروبنادیا ، ، شیخ رشید
شیئر کریں
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس نے بھی مراسلہ بنایا ہے اس نے عمران خان کو ہیرو بنا دیا ہے ورنہ ہمارے پاس عوام میں جانے کے حالات نہیں تھے ۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کہہ رہے ہیں کہ جس نے بھی یہ مراسلہ بنایا ہے اس نے عمران خان کی خدمت کی ہے ۔ شیخ رشید کہہ رہے ہیں جس نے یہ مراسلہ ڈرافت کیا ہے ، پلاننگ کی ہے ، اس نے عمران خان کو ہیرو بنا دیا ہے ورنہ ہمارے پاس عوام میں جانے کے حالات نہیں تھے ۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو شہباز شریف 50 روپے کے عدالتی سٹامپ کی گارنٹی پر 4 سال میں اپنے بھائی کو واپس نہ لا سکا وہ قوم کو کیا دے گا، سامراج کے اشارے پر اسرائیل سے دوستی بڑھائی جارہی ہے ،بھارت سے تجارت اورایران اور چین سے فاصلے پیدا ہونے والے ہیں ،عنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کے لیے کہے گا جس سے سامراجی خواہشیں چکنا چور ہو جائیں گے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ایک نے اپنے بیٹے کو وزیر اعلیٰ بنا لیا ہے دوسرے نے وزیرخارجہ اور تیسرے نے وزیر مواصلات بنا لیا ہے،یہی تین سیاسی چوہوں کا آپس میں اتحاد تھا۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری سے مررہا ہے جس سے اب ان کو کوئی غرض نہیں، قوم کو گولی سے،لاٹھی سے اور آنسو گیس سے دبانے کے لیے راناثنااللہ جیسے اجرتی قاتل کرائے پر رکھ لیے گئے ہیں ،اب ان کا مسئلہ 8 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نہیں ہے بلکہ اپنے کیس نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے ختم کروانا ہے جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑم سے گرجائے گی۔