میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں تیز گردآلودہوائوں نے قہرڈھادیا،دیواریں گرنے سے 5افرادجاں بحق

کراچی میں تیز گردآلودہوائوں نے قہرڈھادیا،دیواریں گرنے سے 5افرادجاں بحق

ویب ڈیسک
هفته, ۲۲ جنوری ۲۰۲۲

شیئر کریں

شہر قائد میں تیز ہواؤں نے تباہی مچادی، چھتیں اڑ گئیں جبکہ دیواریں گرنے کے واقعات میں کرنٹ لگنے سے بچے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں تیز ہوائوں کے سبب دیواریں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد موٹر سائیکل سوار توازن قائم نہ رکھتے ہوئے گر کر زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کنیز فاطمہ سوسائٹی، گلشن معمار، شیر شاہ، اور نارتھ کراچی میں دیواریں گرنے سے 4 افرادجاں بحق ہوئے۔ لانڈھی مانسہرہ کالونی گلی نمبر10 کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت خوانین ولد غلام جان کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق سرجانی گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب گھر کی دیوار گر نے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، بچے کی باڈی چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی ہسپتال منتقل کی گئی۔ مواچھ گوٹھ بلدیہ میں چھت کا حصہ گرنے سے خاتون اور مرد زخمی ہوئے۔ تیز ہوا سے ناردرن بائی پاس نزد پاور ہاس گلبائی کانٹا موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت صادق اور اجمل کے نام سے ہوئی۔گلشن معمار میں تیز ہوائوں کے باعث گھر کی دیوار گرگئی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسی طرح بلدیہ ٹائون اسپارکو روڈ پر گھر کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے سبب گھر میں موجود تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔نارتھ کراچی میں زیر تعمیر دیوار گرگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے کے ٹینٹ ، قناتیں، بینرز، لائٹس بھی گرگئیں۔ کراچی میں تیز ہواؤں کے باعث تقسیم اسناد کیلئے لگائے گئے ٹینٹ اکھڑ گئے،موسم کی خرابی کے باعث جامعہ کراچی کا سالانہ تقسیم اسناد ملتوی کردیا گیا۔ رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید نے اعلان کیا کہ جلسہ تقسیم اسناد غیر متوقع موسمی تبدیلی کے پیش نظر ملتوی کیا گیا ہے، جلسہ کے انعقاد کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا سلسلہ جمعہ کورات تک جاری رہا،موسمیات کے مطابق ہوائوں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی تاہم کچھ وقت کے لیے ہوائوں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی ریکارڈ ہوئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں