ثابت ہوگیاپچھلے انتخابات میں دھاندلی ہوئی،مولانافضل الرحمن
شیئر کریں
جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کے پی بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی سب سے بڑی جماعت بن گئی ، ثابت ہوگیا کہ پچھلے انتخابات میں دھاندلی ہوئی ، کرپشن کی باتوں کو ہتھیار کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے،ملک کو ان سے بہتر چلائیں گے ۔ کوئٹہ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ طالبان کے روز اول سے سیاسی حمایتی رہے ہیں ہم دنیا کے پیچھے نہیں جاتے امریکہ نے دہشت گرد کہہ دیا ہے تو ہم بھی دہشت گرد کہہ دیں، نہ میں مشرف ہوں نہ امریکہ کا غلام ہوں ہمارے دنیا میں آزادانہ تعلقات ہیں احترام کے تعلقات ہیں آج امریکہ کہہ رہا ہے کہ انسانی حقوق کیلئے کوئی جغرافیائی حدود نہیں ہے اگر وہ افغانستان میں انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں تو پھر گوانتاموبے کا بھی حساب دینا ہوگا بگرام اور شبرگان جیل کے عقوبت خانوں کا بھی حساب دینا ہوگا اور پھر یہ بھی حساب دینا ہوگا جب طالبان کی حکومت کا سقوط ہوا تو امریکہ نے کہاکہ جنیوا کے جو انسانی حقوق ہیں طالبان اس زمرے میں نہیں آتے ، آج ان کے ساتھ مذاکرات بھی کیے آج انہوں نے امارات اسلامیہ کوبھی تسلیم کیا اور پاکستان میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے آئے ہیں اگر انہوںنے ملنے کی خواہش ظاہر کی تو ہر دم آئیں اگر میرا ملک اس کا استقبال کرسکتا ہے تو فضل الرحمن بھی اپنے گھر میں ان کا استقبال کرسکتا ہے۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مولانا نے کہاکہ اسلام آباد جانے کیلئے پورے ملک میں کارکنوں کی تیاریاں شروع ہیں رابطے جاری ہیں میں جلد کراچی جائوں گا ۔ مولانا اویس نورانی سندھ کی پی ڈی ایم کی قیادت کو بلائیں گے تاکہ 23 مارچ کیلئے مشاورت ہوسکے۔ میں خود بھی ایک ہفتہ کے بعد اپنے صوبے میں پی ڈی ایم کے رہنماوں کو بلائوں گا۔ محمود خان اچکزئی بلوچستان کی پی ڈی ایم کی جماعتوں کے سربراہوں کو بلائیں گے ، شہباز شریف پنجاب میں بلائیں گے۔ ہمارے پاس ابھی دوماہ ہیں اجتماعی مشاورت کی جو ضرورت ہے اس کو پورا کریں گے۔جمعیت علمائے اسلام(ف) اس وقت تحصیلوں اور یونین کونسلوں کی سطح پر بھی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے اب وقت نے ثابت کردیا ہے کہ پچھلے الیکشنوں میں دھاندلی ہوئی تھی ۔جمعیت علما ئے اسلام پہلے بھی خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی قوت تھی اب بھی ہے لیکن کچھ نادیدہ قوتیں جمعیت کے سامنے رکاوٹیں بنتی ہیں ہمارا ایک مذہبی لباس ہے ہم علماء کی جماعت بھی ہیں ہم دین اسلام اور امت مسلمہ کی بات بھی کرتے ہیں۔