وزیراعظم کی لاپتہ صحافی مدثر نارو کے اہل خانہ سے ملاقات
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے لا پتہ صحافی مدثر نارو کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گم شدہ صحافی و بلاگر مدثر نارو کے والدین اور ان کے بیٹے سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے مدثر نارو کے والدین کو بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے جبری گمشدگیوں کی روک تھام کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی۔ اس ملاقات میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری بھی موجود تھیں۔ شیریں مزاری نے بتایا کہ وزیر اعظم نے مدثر نارو کے اہل خانہ کی بات تفصیل سے سنی، جس کے بعد انہوں نے وزیر اعظم آفس اور سیکریٹری داخلہ کو ہدایات جاری کر دیں۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی یقین دہانی پر مدثر نارو کے اہل خانہ مطمئن نظر آئے۔وزیر اعظم نے مدثر نارو کے بچے کی دیکھ بھال کی بھی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر وزارت داخلہ کے اہلکار بھی مدثر نارو کی فیملی کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس پہنچے۔ یاد رہے کہ اسلام ا?باد ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کو مدثر نارو کے اہل خانہ سے ملنے کی ہدایت کی تھی۔ گذشتہ ماہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتہ شخص مدثر نارو کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت لا پتہ شخص کے اہل خانہ کی جانب سے وکیل ایمان مزاری اور عثمان وڑائچ جبکہ وزارت دفاع کا نمائندہ بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔