بحریہ ٹائون میں ٹریفک نظام مقامی سیکورٹی کے حوالے ،مکینوں پر بھاری جرمانے
شیئر کریں
( رپورٹ : شعیب مختار ) بحریہ ٹائون نے شہریوں سے لوٹ مار کا انوکھا حربہ اپنا لیا ٹریفک قوانین پر عملدر آمد کروانے کا ٹاسک مقامی سیکورٹی کو دے دیا گیا انتظامیہ نے شہریوں سے غیر قانونی طور بھاری بھرکم جرمانے وصول کرنا شروع کر دیے علاقائی سیکورٹی کی جانب سے ٹریفک پولیس کی ذمہ داریاں سنبھال لی گئیں مختلف علاقوں میں مقیم رہائشیوں میں شدید خوف وہراس۔ تفصیلات کے مطابق9نومبر کو بحریہ ٹائون کی انتظامیہ کی جانب سے ایک مراسلہ نمبر BTK/SVY/068جاری کیا گیا ہے جس میں شہریوں کو بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے سبب ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے جبکہ کم عمر ڈرائیور کیخلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے وصول کیے جانے والے چالان کی رقم بھی دگنی کر دی گئی ہے جبکہ گذشتہ دنوں تمام تر امور پر13 نکات پر مشتمل ایک فہرست بھی سامنے آ ئی ہے جس کے مطابق موٹر سائیکل تیز چلانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 600 سے 1000،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 400سے 800،ادھیڑ عمر کے لوگوں کے موٹر سائیکل چلانے پر4 ہزار سے دس ہزار ،بغیر لائسنس کے تیز رفتار گاڑی چلانے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر2000سے 4000،دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے اور موبائل فون استعمال کرنے پر 2000سے 4000،ادھیڑ عمر میں تیز رفتار گاڑی چلانے پر 40000سے 60000،بڑی گاڑیوں باالخصوص ٹرک اورٹرالرکے ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے پر 4000سے 8000،دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے اور موبائل فون استعمال کرنے پر 4000سے 6000،بغیر لائسنس بڑی ٹرانسپورٹ چلانے پر 10000سے 20000،اوور لوڈنگ کرنے اور ضرورت سے زیادہ مسافر بٹھانے پر 4000سے 10000،آئل کی تبدیلی سڑک پر کرنے پر20000 سے 40000،غلط پارکنگ کرنے پر 2000سے 4000جبکہ مختلف علاقوں سے اٹھائی جانے والی گاڑیوں پر ایک ہزار سے 4ہزار تک لفٹر چارجز عائد کیے جائیں گے ۔انتظامیہ کی جانب سے تمام تر قوانین پر عملدر آمد نہ کرنے والوں کو حراساں کرنے کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس پر بحریہ ٹائون میں مقیم رہائشیوں میں شدید تشویش پائی جا تی ہے اور وہ خوف میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں ۔حالیہ دنوں بحریہ ٹائون میں تعینات سیکورٹی اہلکار انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے شہریوں کے زیادہ سے زیادہ چالان کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں جس کے تحت وہ بحریہ ٹائون میں داخل ہونے والے نئے فرد کے ساتھ ساتھ پرانے رہائشیوں کی نہ صرف تذلیل کر رہے ہیں بلکہ انہیں سزائیں دیتے ہوئے لی گئی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل کر رہے ہیں ۔