پارٹی صدارت سے استعفیٰ نہیں دیا ،جام کمال
شیئر کریں
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ پارٹی صدارت سے استعفیٰ نہیں دیا ،جب تک پارٹی صدر ہوں، کوئی اور پارٹی کا قائم مقام صدر نہیں بن سکتا،،تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرونگا ،اتحادی اور ناراض ارکان میں کچھ لوگ میرے ساتھ ہیں۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں درخواست جمع کرائی ہے ، اپنی سوچ اور خواہش کو ٹوئٹر پر شیئر کیا۔ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پارٹی کے لوگ آئے تھے اور کہا کہ آپ کوئی ایسا فیصلہ نہ کریں کیوں کہ آپ کا استعفیٰ نہیں بنتا۔جام کمال نے کہا کہ مجھے حیرت اس بات کی ہے کہ کوئی آفیشل اقدام نہیں ہوا، اس کے برعکس پارٹی کا قائم مقام صدر بنا دیا گیا، بلوچستان عوامی پارٹی میں قائم مقام صدر کی کوئی گنجائش نہیں، اس بارے میں فیصلے کے لیے ہماری ایگزیکٹو کمیٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائم مقام صدر بنانے کے لیے کونسل کا اجلاس بلانا پڑتا ہے جو کسی پارٹی عہدے پر نامزدگی کرتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہارس ٹریڈنگ کی بات کیتھران صاحب یا ان کے بیٹے سے پوچھ لی جائے،ہماری پوزیشن مضبوط ہے۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ میں نے پارٹی صدارت سے استعفیٰ نہیں دیا،وہ تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرینگے،اعتماد بحال کرا لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اتحادی اور ناراض ارکان میں کچھ لوگ میرے ساتھ ہیں۔