گلگت بلتستان میں برفباری سے زندگی مفلوج، خوراک کی قلت
شیئر کریں
گلگت / اسکردو(ویب ڈیسک) گلگت بلتستان میں شدید برفباری اور برفانی تودہ گرنے کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جب کہ علاقے میں خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔اسکردو،استور،شگر،غذر سمیت گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں جب کہ خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔شگر کے بالائی علاقوں برزل ٹاپ، قمری، منی مرگ، کلشی، کالا پانی، میر ملک اور چلم میں 8 سے 10 فٹ تک برف پڑی ہے جس کے باعث 20 ہزار سے زائد افراد کئی روز سے گھروں میں محصور ہیں۔ استور میں بھی شدید برف باری کی وجہ سے عیدگاہ اور گوریکوٹ کی رابطہ سڑک بند اور بولن کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے بلاک ہے۔ چلم، گدیے اور ترشینگ کی رابطہ سڑکیں بھی ایک ہفتہ سے مکمل بند ہیں، شگر کے ارندو گاؤں میں گلیشئیرسرکنے لگا ہے جس کے باعث گاؤں کو خالی کرالیا گیا ہے۔