جعلی ڈومیسائل ،پی آرسی بنانے میں ملوث افسران کے گردگھیراتنگ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ نے مشکوک قرار دیئے گئے 154 ڈومیسائل کی تحقیقات اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے وزیر ریونیو، وزیر آبپاشی، وزیر قانون، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری داخلہ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی۔منگل کووزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس وزیراعلی ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں جعلی ڈومیسائل اور پی آرسی بنانے میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔دوران اجلاس شرکا کو بتایا گیا کہ سندھ کا ڈومیسائل، پی آر سی کا تعلیمی اداروں، وفاق اور صوبے میں نوکریاں لینے کیلئے غلط استعمال ہوا۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ کے مختلف اضلاع لاڑکانہ، کشمور، کندھ کوٹ، گھوٹکی اور جام شورو میں انکوائری کی گئی۔ جس سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ وفاق اور صوبے کی سطح پر مشکوک ڈومیسائل اور پی آرسی کے ذریعے نوکریاں حاصل کی گئیں۔اجلاس میں ڈومیسائل کے غلط استعمال سے روکنے پر بھی مشاورت کی گئی، جب کہ وزیراعلی مراد علی شاہ نے تمام اضلاع کے ڈومیسائل اور پی آر سیز کی60روز میں جانچ پڑتال کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق 432 ڈومیسائل اور پی آر سی کی جانچ پڑتال کے دوران 154 ڈومیسائل مشکوک ثابت ہوئے۔رپورٹ کی روشنی میں وزیراعلی سندھ نے گزشتہ 10 سالوں سے جاری ڈومیسائل کی جانچ پڑتال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو افسران جھوٹے ڈومیسائل اور پی آر سی بنانے میں ملوث ہے ان کے خلاف کارروائی اور مشکوک 154 ڈومیسائل پر اپیل کا فیصلہ 30 روز میں کیا جائے گا۔متعلقہ اداروں کو حکم دیتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ڈومیسائل کے غلط استعمال کو ہر صورت روکنا ہے جس کے لئے محکمہ آئی ٹی ڈومیسائل اور پی آر سیز کا ڈیٹا بیس بنائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر نے ڈومیسائل، پی آر سی جاری کرنے کیلئے اے ڈی سیز کو اختیار دیا ہے۔ یوسی سیکرٹری جو رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کئے ہیں وہ بھی ڈیفیکٹڈ ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے 8 جون 2020 کو ڈویژنل کمشنرز کو گزشتہ 10 سالوں کے ڈومیسائل، پی آر سی کی جانچ پڑتال کی ہدایت دی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ڈومیسائل، پی آر سی کے غلط استعمال کو ہر صورت روکنا ہے۔ انہوں نے وزیر ریونیو، وزیر آبپاشی، وزیر قانون، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری داخلہ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی، جو ڈومیسائل اور پی آر سی رولز کا جائزہ لیکر اپنی سفارشات دے گی۔شرکاء کو بتایاگیاکہ قانون کے حساب سے ڈومیسائل ملک کی شہریت کیلئے جاری ہوتا ہے۔ ڈومیسائل سٹیزن شپ سرٹیفکیٹ ہے۔ ایک مرتبہ ڈومیسائل جاری ہوگیا وہ ہمیشہ رہے گا۔ پی آر سی پی اصل مستقل رہائش کا سرٹیفکیٹ ہے۔اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ جو افسران جھوٹے ڈومیسائل/ پی آر سی بنانے میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔