الیکٹرانک ووٹنگ کا عمل شفاف انتخابات کا راستہ ہے، وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا عمل شفاف انتخابات کا راستہ ہے، انتخابی دھاندلی کو پہلی بار روکنے کیلئے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے،پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس پراسیس پر قوم کی نظریں ہیں۔جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی ۔ملاقات میں آئینی، سیاسی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقا ت میں بجٹ سیشن اور الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا عمل شفاف انتخابات کا راستہ ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس پراسیس پر قوم کی نظریں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کو پہلی بار روکنے کیلئے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے۔مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ ملک کے انتخابی عمل کا مستقبل ہے ہر صورت قانون سازی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دلانے کیلئے بھی قانون سازی حتمی مرحلے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات اور اوورسیز پاکستانیوں سے کیا وعدہ ہر صورت پورا کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ہتھکنڈے منشور پر عمل درآمد سے نہیں روک سکتے۔